لاہور (خصوصی نامہ نگار ) امیر جماعت اسلامی حلقہ لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے بجلی کی قیمت میں ظالمانہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسز کی بھر مار، بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے عوام معاشی تباہی کا شکار ہے۔ نااہل حکمرانوں کی اقتدار اور ڈالروں کی ہوس نے ملک و قوم کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے۔ آئی ایم ایف کے غلام حکمران ایک طرف ڈالروں کیلئے ملک و قوم پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہے ہیں دوسری طرف تبدیلی خان ایک بار پھر قوم کو بیوقوف بنانے کی کوشش میں لگے ہوئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی شمالی لاہور کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع ارکان میں نائب ا مراء جماعت اسلامی حلقہ لاہور ملک شاہد اسلم، احمد جمیل راشد،امیر شمالی لاہور سیف الرحمن، چوہدری محمد شوکت،، اطہر محمود، عثمان افضل، حافظ عرفان سمیت بڑی تعداد میں قائدین اور کارکنان نے شرکت کی۔ امیر حلقہ نے کہا کہ ملک بھر میں نااہل حکمرانوں اور سیاستدانوں کی وجہ سے ملکی معیشت بدحالی اور بد انتظامی کے ساتھ کرپشن اپنے عروج پر ہے۔ آئندہ انتخابات میں عوام دیانتدار، باصلاحیت اور اہل قیادت کا ساتھ دے ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے نکال کر دیکھائیں گے۔