اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک فوج کی جانب سے گلگت بلتستان میں شدید برفباری سے بند ہونے والی شاہراہ برزل پاس کو آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا۔ قدرتی آفات ہوں یا ناگہانی حادثات، جب بھی قوم کو ضرورت پڑی مسلح افواج میدان عمل میں سب سے پہلے موجود ہوتی ہیں۔ پاک فوج کی جانب سے برف سے ڈھکے برزل پاس کو کھولنا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ برزل پاس گلگت سے 178 کلومیٹر دور واقع ہے اور پاک آرمی اور عوام دونوں کے لیے یکساں اہمیت کا حامل اہم چیک پوائنٹ ہے۔ اس جگہ کی اونچائی سطح سمندر سے 13808 فٹ ہے جو اکتوبر سے اپریل تک برف سے ڈھکا رہتا ہے۔ اس علاقے کے تقریباً 61 گاؤں اور 15 ہزار افراد پر مشتمل آبادی کے لیے صرف یہی راستہ میسر ہے۔ برزل پاس سے ہر سال 50سے 60 ہزار گاڑیوں کا گزر ہو تا ہے۔ اس سال یہ پاس جنوری اور فروری کے لیے بند ہوا تھا۔
برزل پاس