لاہور (خصوصی نامہ نگار)جے یوآئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے کہا ہے کہ معیشت کی بہتری کیلئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔ قوم انتخابات نہیں بلکہ مسائل کا حل چاہتی ہے۔ ملکی سلامتی کیلئے سب کو یکجا ہونا ہوگا۔ملک اس وقت مزید تجربات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ملک کی معیشت مستحکم ہوگئی تو ملکی مسائل حل ہوں گے اور بے روزگاری اور مہنگائی ختم ہوگی۔ آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کیے بغیر ملکی معیشت مستحکم نہیں ہوسکتی۔میڈیا سے گفتگو میں مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ بعض عناصر بیرونی ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں لیکن قوم ایسی ہر سازش کو ناکام بنائے گی۔ مہنگائی اور بے روزگاری سابقہ حکومت کاآئی ایم ایف کے ساتھ کا معاہدوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ قوتیں ملک معاشی اور سیاسی طور پر غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں۔ قوم اتحاد و اتفاق سے پہلے بھی ان قوتوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنایا تھا اور آئندہ بھی ناکام بنائیں گی۔ ملک میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بدامنی پھلائی جارہی ہے۔ ان تمام سازشوں کا مقابلہ ایک قوم بن کر ہی کیا جاسکتا ہے۔