لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک نے بھی پنجاب میں ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ پنجاب کے ممکنہ الیکشن میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدوار اپنے اپنے زونل صدور سے مل کر کاغذات نامزدگی جمع کروا دیں۔ہم اسمبلی کے اندر ہوں یا باہر نظام کی تبدیلی ہمارا منشور ہے۔ آئین پاکستان کے تحت جو نظام رائج ہے اس کے تحت انتخابی سیاست میں حصہ لینا مجبوری ہے تاہم ظلم کے نظام کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہا ہوا ایک ایک حرف سچ ثابت ہو چکا یہ نظام مکمل طور پر فیل ہو چکا ہے۔ اس نظام میں پولیس کے ذریعے معصوم لوگوں کو قتل کیا جا رہا ہے اور پولیس کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے جو پولیس آج کر رہی ہے یہی کچھ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ہوا۔ اس وقت ظلم و بربریت کے خلاف کوئی نہیں بولا تھا اور آج وہ آگ ہر گھر تک پہنچ رہی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے اس وقت کہا تھا لوگ آج میرے ساتھ نہ نکلے تو ایک وقت آئے گا پرامن احتجاج کا حق بھی چھین لیا جائے گا اور آج سب دیکھ رہے ہیں عملاً سب کچھ ہو رہا ہے۔