لاہور (خصوصی نامہ نگار) مجلس احرار اسلام پاکستان اور شعبہ تبلیغ تحفظ ختم نبوت کی ملک گیر سطح پر ماتحت شاخوں کے ذمہ داران کا 3 روزہ تربیتی کنونشن گذشتہ روز چناب نگر کی جامع مسجد احرار میں اختتام پذیر ہو گیا۔ کنونشن کے ایک سیشن کی صدارت خانقاہ سراجیہ (کندیاں شریف) کے سجادہ نشین حضرت مولانا خواجہ خلیل احمد نے کی اور کہا کہ خانقاہ سراجیہ، مجلس احرار اسلام اور خانوادہ امیر شریعت کا باہمی تعلق ایک صدی سے چل رہا ہے اور اس تعلق کی قدر مشترک نبی کریمؐ کے منصب رسالت و ختم نبوت کا تحفظ ہے۔ مجلس احرار اسلام کے قائد مولانا سید محمد کفیل بخاری کی زیرسرپرستی اور ڈاکٹر محمد آصف کی زیر نظامت ہونیوالے اس 3 روزہ کنونشن کی کل10 نشستیں منعقد ہوئیں۔ جن میں مولانا سید محمد کفیل بخاری، پروفیسر خالد شبیر احمد، عبداللطیف خالد چیمہ، مولانا محمد مغیرہ، میاں محمد اویس، ڈاکٹر شاہد کاشمیری، مولانا سید عطاء اللہ شاہ ثالث بخاری سمیت دیگر ذمہ داران نے کہا کہ مجلس احرار اسلام دین مبین کے غلبہ، عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور دفاع ازواج و اصحاب رسول علیہم الرضوان کی پرامن جدوجہد کو جاری و ساری رکھے گی۔ قائد احرار مولانا سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ مجلس احرار اسلام 93 سال سے اپنے منشور و دستور کی روشنی میں جماعتی مشن پر کاربند و عمل پیرا ہے۔ مجلس احرار اسلام نے سب سے پہلے جماعتی و عوامی سطح پر’’فتنہ قادیانیت‘‘کا تعاقب کیا۔