لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور رہنما مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کا امن و امان خراب کرنے پر تلے ہیں، عمران خان چاہتے ہیں ملک میں تباہی ہو، نعشیں گریں، عمران خان بھیانک سیاسی کاروبار کیلئے کتنی ماؤں کی گودیں اجاڑو گے؟ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ لاہور میں ایک شخص ملک میں فساد پھیلانے کے درپے ہے، عدم اعتماد کے وقت اقتدار ہاتھ سے گیا تو اس نے سائفر سے کھیلنے کا منصوبہ بنایا، اسے کوئی سروکار نہیں سائفر کے کھیل سے پاکستان کو کتنا نقصان پہنچے گا، اب سائفر پر امریکا سے معافیاں مانگتا پھر رہا ہے، اقتدار جاتا نظر آیا تو آرمی چیف کو ایکسٹینشن کی پیشکش کی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کل مریم نواز کی آڈیو چلائی اور اپنے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی، کیا اس آڈیو میں سائفر سے کھیلنے اور گولیاں مارنے کا حکم ہے؟ مریم نواز کی آڈیو میں کیا ہے؟ ملکی معیشت کو داؤ پر لگانے کا حکم ہے؟ مریم نواز چاہتی تو تم پر کارکن کے قتل کا الزام لگا سکتی تھی۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک میں افراتفری کے لئے پولیس پر گولیاں چلوائیں ، صحافیوں کی نعشوں پر سیاست کی، گوجرانوالہ میں 14 سالہ بچہ شہید ہوا اس پر اس شخص نے سیاست کی، عمران خان چاہتے ہیں ملک میں تباہی ہو نعشیں گریں، اس شخص کو کوئی سروکار نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تم کہتے ہو قاتل تم نہیں، تم دوسروں پر قتل کا الزام لگاتے ہو، کارکن کی نعش ہسپتال پہنچانے والی گاڑی کے ڈرائیور کو زمان پارک میں کیوں ٹھہرایا؟ تم نے اس بچے کے والد کو زمان پارک میں بلایا، تم نے مرحوم کے والد کو کیوں پیسے دیئے، عمران خان تم ان تمام سوالات کے جواب دو۔لیگی رہنما نے کہا کہ لانگ مارچ، سائفر، ’’جیل بچو تحریک‘‘ کے بعد یہ نعشوں پر سیاست کر رہے ہیں، یہ آج پھر چاہتے ہیں ملک میں انارکی ہو، نعشیں گریں، عمران خان تم ایک ناکام شخص ہو، تمہاری سیاست دفن ہوگئی ہے۔
مریم اورنگزیب
عمران بھیانک سیا سی کاروبار کیلئے کتنی مائوں کی گودیں اجاڑو گے : مریم اورنگزیب
Mar 13, 2023