لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اتوار کے روز 1787 کمپلینٹ سنٹر کا دورہ کیا اور شہریوں کی جانب سے آنے والی کالز سن کر فوری ریلیف دینے کے احکامات جاری کئے۔ آئی جی پنجاب نے شیخوپورہ سے آنے والی کال پر آر پی او شیخوپورہ کو شہری کا مسئلہ ذاتی نگرانی میں حل کروانے کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے آر پی اوز ملتان اور فیصل آباد کو شہریوں کی کالز پر شکایات کو اپنی نگرانی میں حل کروا کر ریلیف دینے کی ہدایت کی۔ انہوںنے ہدایت کی کہ تمام اضلاع سنٹرل پولیس آفس سے ریفر کردہ کیسزپر کاروائیوں کی تفصیلی رپورٹس باقاعدگی سے بھجوائیں۔ تمام ڈی پی اوز 1787 کمپلینٹ سنٹر سے ریفر کی گئی کالز پر ایکشن کی خود مانیٹرنگ کریں۔ جن سپروائزری افسران نے شہریوں کی شکایات کو حل کرنے میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا انہیں فیلڈ پوسٹنگ سے ہٹا دیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں 1787 کمپلینٹ سنٹر کے دورے کے موقع پر افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب نے مختلف اضلاع سے موصول ہونے والی کالز پر شہریوں کے مسائل حل کرکے فوری ریلیف دینے کا احکامات دئیے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دوران سروس انتقال کرنے والے سپیشل برانچ کے اہلکار کی اہلیہ سے بات کرتے ہوئے متوفی کی پنشن کا کیس جلد از جلد حل کرانے کی یقینی دہانی کرائی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مذکورہ کیس کو ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ کو بھجوا دیا۔ کیس کو جلد از جلد نمٹا کر متوفی اہلکار کی فیملی کو ہر ممکن ریلیف دیا جائیگا اور متوفی اہلکار کے بچوں کی بہترین تعلیم ، فیملی کوٹے پر نوکری سمیت دیگر سہولیات دی جائیں گی۔ پولیس اہلکاروں کی ویلفیئر کیلئے جاری تمام اقدامات کی خود نگرانی کر رہا ہوں اور شہداء کی فیملیز اور غازیوں کیساتھ رابطے میں ہوں۔ 1787 کمپلینٹ سسٹم کو شہریوں کی مشکلات کے ازالے اور فورس کی ویلفیئر کیلئے مزید فعال کر دیا گیا ہے لہذا اگر کسی بھی شہری ، پولیس اہلکار یا اسکی فیملی کو کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ 1787 کے ذریعے براہ راست مجھ سے رابطہ کر سکتا ہے۔