ترکیہ میں رواں ماہ آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد گھروں کی تعمیر نو کا کام جاری ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد کا بھی سرکاری سطح پر اعلان کردیا گیا ہے۔اس حوالے سے ترکی کے وزیر داخلہ سلیمان سویلو نے بتایا ہے کہ قاہرامان ماراش کے مرکز میں آنے والے زلزلوں میں 47 ہزار 932 افراد ہلاک ہوئے اور ان میں سے 6 ہزار 265 غیرملکی تھے۔یہ بات سلیمان سویلو نے کل ملاتیا ڈیزاسٹر کوآرڈینیشن سینٹر میں اجلاس کے بعد میڈیا کو بیان دیتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر اس وقت 47ہزار 932 افراد کی موت کا اندراج کیا گیا ہے۔ترکیہ کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ ہلاک شدگان میں سے6 ہزار 265 غیرملکی شہری ہیں جن کا تعلق شام سمیت دیگر ممالک سے ہے۔ اس وقت 1619 افراد، جن کے ڈی این اے اور انگلیوں کے نشانات لیے گئے ہیں کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ ترکیہ میں دو ماہ بعد انتخابات ہونے ہیں، ترک صدر رجب طیب اردوان نے وعدہ کیا ہے کہ ہم زلزلے کے نتیجے میں تباہ یا ناقابل استعمال ہوجانے والے تمام گھروں، کام کی جگہوں کو دوبارہ تعمیر کریں گے اور انہیں ان کے حقیقی مالکان کے حوالے کریں گے۔