عبدالستار چودھری
رینجرز کیڈٹ کالج چکری ملک بھر کے مایہ ناز کیڈٹ کالجز میں سے ایک ہے جوکہ نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں اپنی مثال آپ ہے۔ رینجرز کیڈٹ کالج چکری نے پاکستان رینجرز (پنجاب) کے زیرِ انتظام قلیل عرصے میں بے شمار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے۔ رواںسال بھی رینجرز کیڈٹ کالج چکری کا دوسرایومِ والدین روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ ملک بھر سے کیڈٹس کے والدین اور عزیزواقارب نے اس پر وقار تقریب میں شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگادیئے۔بریگیڈئیر شہریار فاروق لودھی سیکٹر کمانڈرپاکستان رینجرز (پنجاب) اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ کالج کے پرنسپل بریگیڈئیر ریٹائرڈ ندیم اختر حسین ستارہ امتیاز ملٹری نے مہمان خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر ننھے کیڈٹ نے مہمان خصوصی کو گلدستہ پیش کیا۔ پرنسپل نے مہمان خصوصی سے اساتذہ کا تعارف کروایا۔ مہمان خصوصی اسٹیج پر جلوہ افروز ہوئے تو کالج پریفیکٹ محمد علی نے تقریب کے باقاعدہ آغاز کے لیے مہمان خصوصی سے اجازت طلب کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔کیڈٹ سعد عبداللہ نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی جس کے بعد نوجوان کیڈٹس نے ڈریل اور فزیکل ٹریننگ کے شاندار مظاہرے پیش کئے۔ کالج کے پرنسپل بریگیڈئیر ریٹائرڈ ندیم اختر حسین ستارہ امتیاز (ملٹری) نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور ادارے کی اہم کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ چند سالوں میں کالج کی طرف سے کی جانے والی ترقی اور پیش رفت بھی ان کی جانب سے کروائے گئے تعارف کا ابتدائی حصہ تھی، جس میں رائیڈنگ کلب کا قیام، فٹ بال گرانڈ، پریڈ ایرینا، سولر پینلز کا قیام، پارکو گیس کی تنصیب اور کلاس رومز میںLEDs کی تنصیب اور تزئین و آرائش کی تکمیل شامل ہے۔ یہ اقدامات ایک ساتھ مل کر ترقی کے لیے ایک مکمل نقطہ نظر کی نشاندہی کرتے ہیں، جو کالج کو جامع ترقی میں سب سے آگے رکھتے ہیں۔ کالج کے پرنسپل بریگیڈئر ریٹائرڈ ندیم اختر حسین ستارہ امتیاز (ملٹری) نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں والدین کو یہ بتاتے ہوئے فخر محسوس کر رہا ہوں کہ اس وقت رینجرز کیڈٹ کالج کے طلبہ پاکستان ملٹری اکیڈمی، نیول اکیڈمی، ملٹری کالج آف سگنلز، کالج آف الیکٹریکل اینڈ مکینیکل انجینئرنگ، نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اور دیگر ممتاز ملکی و غیرملکی اداروں میں زیرتعلیم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رینجرز کیڈٹ کالج کے قیام کا مقصد ایک ایسی درسگاہ کا قیام ہے جو کہ نوجوانوں کی ذہنی اور جسمانی تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی کرداری سازی بھی کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کیڈٹ کالج کے قیام کے صرف تین سال کے قلیل عرصے میں اس کا شمار ملک کی بہترین اقامتی درسگاہوں میں ہونے لگا ہے۔ سالانہ رپورٹ پیش کرنے کے بعد مہمان خصوصی کو خطاب کی دعوت دی گئی۔ مہمان خصوصی سیکٹر کمانڈر پاکستان رینجرز (پنجاب) بریگیڈئیر شہریار فاروق لودھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ رینجرز کیڈٹ کالج ملک بھر کے مایہ ناز کیڈٹ کالجز میں سے ایک ہے جوکہ نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں اپنی مثال آپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ ایک اعزاز کی بات ہے کہ میں رینجرز کیڈٹ کالج چکری کے دوسرے سالانہ یوم والدین میں بطور مہمان خصوصی شرکت کر رہا ہوں، رینجرز کیڈٹ کالج چکری قلیل عرصے میں بے شمار کامیابیاں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ترقی کی نئی منازل بھی طے کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان انتہائی خوشی ہوئی کہ رینجرز کیڈٹ کالج میں چاروں صوبوں کے علاوہ سابقہ قبائلی علاقوں، کشمیر اور گلگت بلتستان کے کیڈٹس زیر تعلیم ہیں جو کہ ملی یکجہتی اور اتحاد کے لئے بہت مفید اور وقت کی اہم ضرورت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کیڈٹ کالج چکری نے انتہائی مختصر عرصے میں ملک کی اقامتی درسگاہوں میں اپنا ممتاز مقام بنا لیا ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب اس کالج کے فارغ التحصیل طلبہ نہ صرف مسلح افواج بلکہ دیگر سولین اداروں میں بھی اپنا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے اور اس کالج اور والدین کے لئے فخر کا باعث بنیں گے۔ مہمان خصوصی نے کہا کہ اس کامیابی کا سہرا بلاشبہ پرنسپل، اساتذہ اور عملے کے سر جاتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گھڑ سواری کلب کے قیام سے اس کالج نے کامیابی کی جانب ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے جس کے لئے کالج انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ مہان خصوصی نے خاص طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی معیار میں بھی رینجرزکیڈٹ کالج دیگر تعلیمی اداروں کے ہم پلہ ہے، اس کا ثبوت ثانوی اور اعلی ثانوی امتحانات میں اس کالج کے طلبہ کے نتائج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں چیمئپن ہائوس اور دیگر انعامات پانے والے کیڈیٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ جونیئر کیڈٹس کی ڈرل قابل تحسین تھی اور نوجوان کیڈٹس کی پریڈ کو دیکھ کر ایسے لگا جیسے یہ کسی ملٹری اکیڈمی کے تربیت یافتہ کیڈٹس کے دستے ہوں۔بلاشبہ یہ نمایاں کامیابیاں پرنسپل کی رہنمائی، اساتذہ کی ان تھک محنت، سٹاف اور کیڈٹس کی دن رات کی محنت کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیڈٹس ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ مہمان خصوصی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ کیڈٹس اسی طرح ترقی کی منازل طے کرتے رہیں گے۔ مہمان خصوصی کے خطاب کے بعد نصابی، ہم نصابی اور غیرنصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس اور ہائوسز میں شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔ مہمان خصوصی بریگیڈئیر شہریار فاروق لودھی سیکٹر کمانڈر پاکستان رینجرز (پنجاب) نے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کئے۔
ن کے ہمراہ سٹیج پر پرنسپل بریگیڈئر ریٹائرڈ ندیم اختر حسین ستارہ امتیاز (ملٹری) وائس پرنسپل میجر ریٹائرڈ نصیر احمد اور ڈائریکٹر آف سٹڈیز زین اکرم بھی معاونت کے لئے موجود تھے۔ کیڈٹ عبداللہ بن عدیل نے سال کے بہترین کھلاڑی اور کیڈٹ حافظ منیب نے تعلیم میں بہترین کارکردگی کی ٹرافی وصول کی جبکہ کالج پریفیکٹ کیڈٹ محمد علی سال کے بہترین کیڈٹ قرار پائے۔ ''چمپئن ہائوس ٹرافی'' سرسید ہائوس نے حاصل کی جسے کیڈٹ عبداللہ حسن اور کیڈٹ احمد بن آصف نے وصول کیا۔ مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں انعا مات حاصل کرنے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی اور کالج میں فروغ تعلیم کی کوششوں اور کیڈٹس کی ہمہ پہلو تربیت اور بہترین کردار سازی کرنے پر کالج انتطامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے طلبا کو نصیحت کی کہ اپنی تمام تر صلاحیتیں حصول علم کے لیے وقف کردیں اور ملک کی تعمیروترقی میں اپنا کردار بھرپور ادا کریں۔ تقریب کا اختتام قومی ترانے پر ہوا۔جس کے بعد مہمانوں اور کیڈٹس کے والدین کے لئے شاندار ظہرانہ دیا گیا۔
رینجرز کیڈٹ کالج چکری کے دوسرے سالانہ یوم والدین کی تقریب
Mar 13, 2024