لاہور‘ رائیونڈ (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے دونوں صاحبزادے لاہور پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دونوں بھائی حسن نواز اور حسین نواز ترکش ایئر کی پرواز 714 سے استنبول سے آج لاہور پہنچے ہیں۔ نواز شریف نے بیٹوں اور ان کے اہلخانہ کا استقبال کیا۔ میاں نواز شریف کے صاحبزادوں کی وطن واپسی کے بعد وزیر اعلی پنجاب مریم نواز افطاری سے 1 گھنٹہ قبل اپنی رہائش گاہ جاتی امراء پہنچ گئیں جہاں انہوں نے ماہ رمضان کے پہلے روزہ کی افطاری فیملی کے ساتھ کی۔ جاتی امراء میں افطاری کے وقت میاں نواز شریف کے علاوہ حسن نواز اور حسین نواز بھی مریم نواز کے ہمراہ شریک تھے۔ یاد رہے کہ حسن نواز اور حسین نواز لمبے عرصہ کے بعد وطن واپس آئے ہیں۔ منگل کی صبح حسن اور حسین نواز نے جاتی امراء پہنچ کر اپنی والدہ، دادا، دادی کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی اور ماہ رمضان کی پہلی افطاری اپنے والد اور مریم نواز کے ہمراہ جاتی امراء میں کی۔ حسن اور حسین نواز کل 14 مارچ کو احتساب عدالت پیش ہوں گے۔