لاہور میں فری وائی فائی پائلٹ پراجیکٹ، ارفع کریم ٹاور ٹو بنے گا، مریم نواز نے منظوری دے دی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت آئی ٹی سیکٹر کے حوالے سے خصوصی اجلاس میں  مریم نواز شریف نے لاہور میں 21 منزلہ ارفع کریم ٹاور ٹو بنانے کی منظوری دیدی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں آئی ٹی، ایجوکیشن اور فلم سٹی پراجیکٹ کا آغاز جلد ہوگا جس کے لئے مائیکروسافٹ، اوریکل اور دیگر بڑی کمپنیوں نے آئی ٹی سٹی لاہور کیلئے آمادگی ظاہر کی ہے۔ مریم نواز نے ہدایت کی کہ چین کی بڑی آئی ٹی کمپنیوں کو بھی آفس قائم کرنے کے لئے مدعو کیا جائے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ دنیا بھر سے بہترین آئی ٹی کمپنیوں کو آئی ٹی سٹی میں بزنس کے مواقع فراہم کریں گے۔ پنجاب سمیت پاکستان بھر کے طلباء کے لئے ورلڈ بیسٹ یونیورسٹیوں کے کیمپس بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ایجوکیشن سٹی میں دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کے کیمپس قائم کرنے کے لئے فوری رابطوں کی ہدایت کی۔ مریم نوازشریف نے لاہور نالج پارک اور آئی ٹی سٹی کے قیام کیلئے پلان کی ڈیڈ لائن مقرر کردی ہے۔ فری وائی فائی پائلٹ پراجیکٹ کی وزیر اعلیٰ نے منظوری دے دی۔ لاہور میں 10 مقامات پر فری وائی فائی پراجیکٹ کا آغاز اگلے ماہ کردیا جائے گا۔  516 مقامات پر فری وائی فائی پوائنٹس بنائے جائیں گے۔ مریم نواز شریف نے تعلیمی اداروں، ائیرپورٹ، ریلوے سٹیشن اور بس سٹینڈ پر ترجیحاً فری وائی فائی شروع کرنے کی ہدایت کی۔ مریم نواز شریف نے’’صاف ستھرا پنجاب‘‘ مہم کے تحت جہلم، جھنگ، وہاڑی اور بہاولنگر میں ماڈل پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دے دی ہے۔ ’’صاف ستھرا پنجاب‘‘ پائلٹ پراجیکٹ میں پنجاب کے چار شہروں کو صفائی کے لحاظ سے ماڈل شہر بنایا جائے گا۔ شہروں میں صفائی کیلئے منظم، موثر اور پائیدار میکنزم نافذ کیا جائے گا۔ اجلاس میں صفائی مہم کو موثر اور تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا پائیدار ماڈل تیار کرنے کا حکم دیا اور دیہی علاقوں میں صفائی مہم کا پائیدار نظام بنانے کی ہدایت کی۔ مریم نوازشریف سے امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز نے ملاقات کی۔ امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے وزیراعلی مریم نواز شریف کو پہلی خاتون وزیراعلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں معاشی تعاون کے فروغ اور پاکستانی طالب علموں کے لئے امریکی اعلی تعلیمی اداروں میں سکالرشپ کے مواقع بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے امریکہ اور پنجاب کی مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر گفتگوکی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ملتان میں عمارت گرنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کیا ہے۔ مریم نواز شریف آفس سے واپسی پر اچانک جوہر ٹاؤن ماڈل بازار پہنچ گئیں۔ سٹالز کا معائنہ کیا اور پھلوں اور سبزیوں کے نرخ دیکھے۔ کریانہ سٹور اور پھلوں اور سبزیوں کے سٹالوں پر ریٹ لسٹ چیک کی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے رمضان بازار میں آنے والی خواتین سے گفتگو کی اور صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے خریدار خواتین سے پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیاء کے نرخ معلوم کئے۔ خواتین خریداروں نے پھلوں کے زیادہ نرخ کی شکایت کی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے خریداری کے لئے آنے والی خواتین سے ہاتھ ملایا اور بچیوں کو پیار کیا، کیا بنا رہی ہیں؟ وزیراعلی مریم نواز شریف کا سوال، خریدار خاتون نے جواب دیا رمضان میں یہ سب سے مشکل سوال ہے۔ بزرگ خریدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لوگ آپ کے ساتھ ہیں کیونکہ عوام کے مسائل ایک عورت ہی سمجھ سکتی ہے۔ مریم نوازشریف نے کہاکہ میں غریب آدمی کا خیال رکھنے کے لئے ہی آئی ہوں۔ ایک بزرگ خاتون نے فروٹ چاٹ کے لئے کیلا، خربوزہ اور دیگر پھل اچانک مہنگے ہونے کی شکایت کی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی آمد کی اطلاع ملتے ہی کثیر تعداد میں لوگ رمضان بازار میں جمع ہو گئے اور وزیراعلی مریم نواز شریف کے لئے نعرے لگائے۔

ای پیپر دی نیشن