لاہور(کامرس رپورٹر )پولٹری ایسوسی ایشن نے مرغی کے گوشت کی قیمت اوپن مارکیٹ میں 10روپے اور ماڈل ورمضان بازاروں میں 25روپے فی کلو گرام کم کرنے پر اتفاق کیا ہے جس پر اطلاق یکم رمضان سے ہو گیا ہے۔ اس امر کا اظہار رمضان پیکیج پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کے لئے بنائی گئی صوبائی وزارتی کمیٹی کے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس میں کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین،صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین اوروزیر زراعت عاشق کرمانی نے مشترکہ طور پر اجلاس کی صدارت کی پولٹری ایسوسی ایشن کے وفد نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ماہ مقدس میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو نیچے لائیں گے۔پولٹری ایسوسی ایشن کے ماہ مقدس میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے مرغی کے گوشت کی قیمت میں کمی کے جزبے کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری انڈسٹری کے بنیادی مسائل وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ماڈل ورمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں معیاری گوشت کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے ٹولٹن مارکیٹ کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ،سیکرٹری لائیو سٹاک، ڈی جی انڈسٹریز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔پولٹری ایسوسی ایشن کے وفد میں طارق جاوید صدر پنجاب پولٹری ایسوسی ایشن، چوہدری نصرت چیئرمین پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن، رانا قاسم اقبال، اور سردار تجمل شامل تھے۔