نگہبان رمضان پیکیج، سوشل میڈیا کی جھوٹی خبروں کا اعتبار نہ کریں: عظمیٰ بخاری 

Mar 13, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ"نگہبان رمضان پیکج" وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے  پاکستان اور پنجاب کی عوام کے لئے منفرد نوعیت کا پروگرام ہے جو چونسٹھ لاکھ سے زائد مستحق خاندانوں کے لیے ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور نادرا ریکارڈ کے ڈیٹا سے نگہبان پروگرام دے رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق کوئی لائن انتظار یا لوگ جمع نہیں ہوں گے۔ نگہبان پروگرام پر سوشل میڈیا پر جعلی خبریں چل رہی ہیں۔ وہ نگہبان رمضان پیکج کے حوالے سے پریس کانفرنس کر رہی تھیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یکم رمضان المبارک ہے جس پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتی ہوں۔  اس رمضان پیکج میں ڈیلیوری کا علیحدہ خرچ بھی شامل ہے۔ خاموشی سے راشن پروگرام دیں گے۔ راشن تقسیم کرنے کے لئے 75 فیصد لوگوں کی شناخت کی گئی جو نام آئے اس کی تصدیق کی گئی تاکہ مستحقین تک راشن پہنچایا جا سکے۔ راشن کی تقسیم کیلئے ڈیش بورڈ بنایا گیا جو گھنٹوں بعد اپ ڈیٹ ہوتا رہتا ہے۔ اب تک پچپن ہزار آٹھ سو ترپن پیکجز بانٹ دئیے گئے ہیں۔ چونسٹھ لاکھ لوگوں تک پہنچنا بہت بڑا ہدف ہے۔ اب تک پندرہ لاکھ چھیاسی ہزار سے زائد خاندانوں کو پنجاب بھر میں راشن تقسیم کر دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا کی جھوٹی خبروں پر اعتبار نہ کریں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سختی سے کہا ہے کہ ماہ رمضان میں ذخیرہ اندازی کو برداشت نہیں کریں گے۔ شکایات کے اندراج کے لئے ہیلپ لائن 080002345 دی گئی ہے جس پر  پر رمضان پیکج، ذخیرہ اندوزی وغیرہ کے حوالے سے شکایات درج کرائی جا سکتی ہیں۔ ذخیرہ اندوزوں اور زائد پرائس پر بارہ سو اکہتر پرائس مجسٹریٹ نے 1823 چھاپے مار کر تین سو چودہ لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ پرائس کنٹرول کرنے کیلئے انسپکشن کو بارہ ماہ چلائیں گے۔ تاجر جن کے پاس گودام میں سٹاک ہے وہ حکومت سے ڈکلئیر کرے وگرنہ ذخیرہ اندوز تسلیم کر کے چھاپے مارے جائیں گے۔ "نگہبان رمضان پیکج" وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے  اگر گودام میں آٹا پڑا ہے مصنوعی قلت سے آٹے کی قیمت نہیں بڑھانے دیں گے۔

مزیدخبریں