پی ٹی آئی تحمل کا مظاہرہ کرے تو مفاہمت ہوسکتی ہے، قمرکائرہ 

Mar 13, 2024

اسلام آباد (این این آئی)پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو گزری باتیں چھوڑ کر مفاہمت کی راہ اپنانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرے گی تو مفاہمت ہوسکتی ہے۔ایک انٹرویو میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ماضی میں اکثر ادوار میں ایوان صدر جمہوریت کے خلاف استعمال ہوتا رہا تاہم صدر آصف علی زرداری کی موجودگی میں وہاں سے جمہوریت مستحکم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عارف علوی شریف آدمی ہیں لیکن اپنی جماعت کی باتوں میں آکر انہوں نے آئین سے ماورا اقدامات کیے۔انہوںنے کہاکہ عارف علوی پر ساری ذمہ داری ڈالنا مناسب نہیں، یہ فیصلہ عارف علوی کا نہیں تھا کیونکہ اس وقت ملک کے حالات ایسے نہیں تھے۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ صدرزرداری کوئی غیرجمہوری اور غیرسیاسی کام نہیں کریں گے کیونکہ وہ قومی مفاہمت کے داعی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گئے وقت کو چھوڑیے اور مفاہمت کے ساتھ آگے بڑھنے کے راستے پیدا کیجیے، اگر پی ٹی آئی تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرے گی تو مفاہمت ہوسکتی ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کے اخراجات کم اور آمدنی بڑھانے کی ضرورت ہے، حکومت کو دیکھنا چاہیے کہ کہاں کہاں نقصان ہو رہا ہے اور اسے کیسے روکا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آئی ایم ایف نے رائے مانگی تو عوام پر بوجھ ڈالے بغیر راستہ نکالا جائیگا۔

مزیدخبریں