لاہور ہائی کورٹ نے ریسٹورنٹس کو افطاری سے سحری تک کھلا رکھنے کی اجازت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک سے متعلق گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں عدالت نے ماحولیات سے متعلق سکول کے بچوں کو ہفتے میں ایک روز پریکٹیکل کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر نصاب سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے۔
عدالت کی جانب سے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری وکیل کی رپورٹ کے مطابق ٹائر جلانے والے تمام یونٹس کی بجلی منقطع کر دی ہے، لیسکو اہلکاروں کو درخت کاٹنے سے روکنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، لیسکو نے اگر کوئی درخت کاٹنا ہو تو پہلے پی ایچ اے کو آگاہ کرے۔ دوسری طرف جعلساز مافیا رمضان کے مبارک مہینے میں بھی باز نہ آیا، پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایک ہزار کلو مردہ جانور کا گوشت اور سینکڑوں لیٹرناقص آئل پکڑ لیا، برآمد شدہ مضر صحت گوشت رمضان المبارک کے دوران ریسٹورنٹس پر سپلائی کیا جانا تھا، 3 یونٹس بند، 2 مقدمات درج، 8 پوائنٹس کو 2 لاکھ 10 ہزار کے جرمانے کردیئے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی سربراہی میں فوڈسیفٹی ٹیموں کا صحت دشمن مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ٹیموں نے راوی ٹاؤن اور انار کلی فوڈ سٹریٹ میں سحری پوائنٹس اور رول پٹی پکوڑیاں یونٹس کی چیکنگ کی، اس دوران 13پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی جس میں سے 3 یونٹس بند، 2 مقدمات درج، 8 پوائنٹس کو 2 لاکھ 10 ہزار کے جرمانے اور 2 کو معمولی نقائص پراصلاحی نوٹسز جاری کردیے گئے اور1 ہزار کلو مردہ و مضر صحت گوشت، 800 لٹر ناقص زائد المیعاد آئل اور 500 کلو سے زائد گندے آئل سے تیار پکوڑیاں، رول پٹی تلف کردی گئیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ گاڑی نمبر ایل ای ایس۔3434 سے ایک ہزار کلو بیمار اور مردہ جانور کا گوشت برآمد کر کے تلف کیا گیا، برآمد شدہ مردہ جانور کا مضر صحت گوشت تیار کر کے رمضان المبارک میں ریسٹورنٹس پر سپلائی کیا جانا تھا، ناقص اور مضر صحت آئل سے پکوڑیاں اور رول پٹی تیار کی جارہی تھی، صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات، پکوڑیاں، رول پٹی تیاری کے بعد ٹوٹے فرش پر بغیر ڈھانپے رکھی پائی گئیں، انتہائی لازم آئل تبدیلی ریکارڈ اور ملازمین کے میڈیکل، ٹریننگ سرٹیفکیٹ عدم موجود پائے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوڈ سیفٹی کی بروقت کارروائی سے ناقص تیار گوشت ضبط کر کے پیمکو بٹھی میں جلا تلف کر دیا گیا، ماہ صیام میں صوبہ بھر میں ٹیمیں 3 شفٹوں میں دن رات فیلڈ آپریشن جاری رکھیں گی، ناجائز منافع خوروں کو صحت کے ساتھ کھلواڑ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پنجاب کے باسیوں تک محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔