ویلز کی ایک پہاڑی کی چوٹی پر پراسرار ستون دیکھنے میں آیا ہے جسے متعدد افراد کسی خلائی مخلوق کا تیار کردہ قرار دے رہے ہیں۔یہ جگمگاتا سلور اسٹرکچر ویلز کے قصبے Hay-on-Wye کے قریب ایک پہاڑی کے اوپر چہل قدمی کرنے والوں نے دیکھا۔10 فٹ لمبے ستون کو کیچڑ میں کھڑا کیا گیا ہے اور اس کی دریافت کے بعد سوشل میڈیا پر متعدد افراد سوال کر رہے ہیں کہ آخر اسے وہاں کس نے اور کیوں لگایا ہے۔کچھ افراد کا خیال ہے کہ یہ چیز ہماری زمین کی نہیں بلکہ کسی اور خلائی دنیا سے تعلق رکھتی ہے۔ایک مقامی بلڈر گریگ موئیر نے پہاڑی کی ہائیکنگ کے دوران اس پراسرار ستون کو دیکھا اور پہلے انہیں لگا کہ یہ ایک اڑن طشتری ہے مگر قریب جانے پر معلوم ہوا کہ ان کا خیال غلط ہے، مگر اس کی موجودگی انہیں بہت زیادہ پراسرار لگی۔انہوں نے بتایا کہ 'جب میں نے اسے پہلے بار دیکھا تو کچھ دور تھا اور ایسا لگا کہ یہ ایک اڑن طشتری ہے، مگر قریب جاکر دیکھا تو یہ بہترین میٹریل جیسے سرجیکل اسٹیل سے بنی چیز ہے، یہ اسٹیل اسٹرکچر 10 فٹ لمبا ہے اورتیز ہواؤں کے باوجود زمین میں مستحکم انداز سے کھڑا ہے'۔اس طرح کے اسٹرکچر 2020 میں بھی دنیا کے مختلف حصوں میں دیکھنے میں آئے تھے۔رومانیہ، امریکا اور برطانیہ میں انہیں دیکھا گیا تھا اور اس وقت یہ افواہیں پھیل گئی تھیں کہ ایلین یا کسی قسم کی خلائی مخلوق نے اس اسٹرکچر کو تیار کیا ہے۔مگر پھر ان مقامات سے یہ ستون پراسرار انداز سے ہی غائب ہوگئے تھے اور یہ معلوم نہیں ہوا تھا کہ انہیں کون اٹھا کر لے گیا۔اب ویلز میں جس پہاڑی چوٹی پر اسے دریافت کیا گیا، وہاں تک گاڑی سے پہنچنا ممکن نہیں تو گریگ موئیر کے خیال میں اسے لوگوں کے ایک گروپ نے اٹھا کر وہاں تک پہنچایا ہوگا یا ہیلی کاپٹر کے ذریعے وہاں نصب کیا گیا ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ اسے دیکھ کر لگتا ہے کہ اسے بہت اچھے طریقے سے زمین میں نصب کیا گیا ہے، وہاں کی زمین پر لوگوں کی موجودگی کے آثار بھی نہیں ملتے۔اس اسٹرکچر کو دیکھ کر ایک ہالی وڈ فلم 2001: A Space Odyssey کا خیال آتا ہے جس میں اس سے ملتے جلتے ستون کو دکھایا گیا تھا۔