کہوٹہ (نامہ نگار)ماہ صیام کی آمد کے ساتھ ہی انتظامیہ کی ملی بھگت سے کہوٹہ اور گردونواح میں سبزی،پھل، فروٹ، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں تین گناہ اضافہ، من مانے ریٹس اور گلے سڑے پھل باسی اشیا کی فروخت، تجاوزات کی بھر مار جبکہ بازار میں میلاد چوک، چھنی بازار، ٹان کمیٹی بازار، مٹور چوک، مچھلی چوک، بوہڑ بازار میں ریڑھی والوں کا قبضہ ہونے کی وجہ سے شہر کی سڑکیں دن بھر گھنٹوں گھنٹوں بلاک رہنے لگیں۔ جانی فوڈز راولپنڈی روڈ کہوٹہ کے سامنے ہائی وے کی سڑک کے اوپر انتظامیہ ملی بھگت سے غیر قانونی سبزی و فروٹ کے تھڑے جبکہ مٹور چوک کہوٹہ کے وسط میں کنکریٹ کے بڑے بلاک عرصہ سے ٹریفک بلاک کا سبب بننے کے ساتھ ساتھ مسافروں، طلبا و طالبات اور اساتذہ و شہریوں کے گزرنے میں رکاوٹ اور کئی حادثات کا باعث بن چکے ہیں۔ انتظامیہ چند غریب اور چھوٹے دکانداروں کے چالان کرکے با اثر سفارشی اور مقامی سیاسی شخصیات کی پشت پناہی اور سفارش پر بڑے دکانداروں اور تاجروں کو جرمانے و چالان کرنے سے چشم پوشی سے کام لے رہی ہے۔ کہوٹہ کے شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب، کمشنر و ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے درخواست کی ہے کہ انظامیہ کی سب اچھا ہے کی رپورٹ سے ہٹ کر کہوٹہ میں سر پرائز وزٹ کر کے شہریوں کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔