پاکستان کو طالبانائزیشن سے جلد پاک کر دیا جائے گا: قمر زمان کائرہ

نیویارک (ندیم منظور سلہری سے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کاز کو فروغ دینے کے لئے پیپلز پارٹی نیویارک سٹیٹ جو کارہائے نمایاں سرانجام دے رہا ہے۔ صدر پاکستان آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت\\\' پیپلز پارٹی نیویارک سٹیٹ کے صدر سرور چودھری کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ پیپلز پارٹی نیویارک سٹیٹ کے عہدیداران و اراکین کو میں یہ بتانا ضروری سمجھتا ہوں کہ پاکستان کو طالبانائزیشن سے جلد ہی پاک کر دیا جائے گا اور دہشت گرد جو اسلام کا لبادہ اوڑھے ہوئے ہیں ان کو کیفر کردار تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی نیویارک سیکرٹریٹ کے مرکزی دفتر کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے اپنی زندگی میں اس سیکرٹریٹ کے افتتاح کا وعدہ صدر پیپلز پارٹی سرور چودھری سے کیا تھا لیکن شہید ہو گئیں اور اب میں محترمہ کے خواب کو پورا کرنے کے لئے یہاں آیا ہوں اور میں امید کرتا ہوں کہ پیپلز پارٹی سیکرٹریٹ بھٹوازم کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نیویارک سٹیٹ واحد ایسی تنظیم ہے جس نے صحیح معنوں میں پاکستان کی اور اپنی پارٹی کی گرانقدر خدمت کی ہے اور اس کا سہرا سرور چودھری کے سر جاتا ہے۔ وفاقی وزیر خوراک و زراعت نذر محمد گوندل نے اس موقع پر کہا کہ پیپلز پارٹی نیویارک سٹیٹ کو مرکزی قیادت کی مکمل حمایت حاصل ہے اور صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ہماری ڈیوٹی لگائی تھی کہ ہم پیپلز پارٹی نیویارک کے مرکزی سیکرٹریٹ کا افتتاح کریں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی نیویارک سٹیٹ کے صدر سرور چودھری اور سیکرٹری اطلاعات خواجہ فاروق کی پارٹی خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے ایک بار پھر اس خبر کی پرزور تردید کرتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے گذشتہ روز کمیونٹی تقریب میں صحافیوں کے لئے \\\"نابالغ میڈیا\\\" کا لفظ استعمال نہیں کیا تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت میڈیا کی آزادی پر پورا یقین رکھتی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نیویارک سٹیٹ کے صدر سرور چودھری نے کہا کہ گذشتہ روز شائع ہونے والی ان خبروں میں کوئی حقیقت نہیں کہ ایک وفاقی وزیر کا کلب میں لوگوں سے جھگڑا ہو گیا تھا ایسی خبریں ڈس انفارمیشن کا حصہ ہیں۔

ای پیپر دی نیشن