صدر زرداری سے متعلق ہائیکورٹ کا فیصلہ انتہائی افسوسناک ہے: راجہ ریاض

May 13, 2011

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (سٹاف رپورٹر) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد نے کہا ہے مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف قومی اسمبلی میں آنا پسند کرتے ہیں نہ ہی انہیں اسمبلیوں پر اعتماد ہے، نواز شریف بتائیں کہ انہوں نے کرگل ایشو پر جوڈیشل کمشن کیوں نہیں بنایا تھا۔ صدر زرداری سے متعلق ہائیکورٹ کا فیصلہ انتہائی افسوسناک ہے، سپریم کورٹ میں جانے کا حق رکھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے باہر ذوالفقار گوندل کیساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ راجہ ریاض نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں صدر اور وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد اور قومی اداروں پر بعض سیاستدانوں کی طرف سے حملوں کے خلاف قرارداد منظور کی گئی۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے کے سلسلہ کو بند ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کاش عدالتوں کو آمرانہ ادوار میں یہ چیزیں نظر آجاتیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے لیکن یہاں ایک فوجی ڈکٹیٹر 9برس تک وردری میں اور غلام اسحق خان بھی کئی برس تک ایوان صدر میں بیٹھ کر سیاست کرتے رہے ہیں تب عدالتوں کو کیوں خیال نہیں آیا۔ راجہ ریاض نے نواز شریف کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ اس میں کوئی دورائے نہیں کہ ایبٹ آباد آپریشن کے اصل حقائق سامنے آنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاسی قوتوں کو اب یہ سوچنا چاہئے کہ پاکستان کو کیسے بچانا ہے۔ سمیع اللہ خان نے کہا کہ پوری دنیا ہمیں ولن بنانے پر تلی ہوئی ہے صورتحال کا تقاضا ہے کہ جو بھی سچ ہے وہ قوم کے سامنے لایا جائے۔ اورنگزیب برکی اور ڈاکٹر ضیاءاللہ بنگش نے کہا کہ جمہوری حکومت اور پاک فوج ملکی تعمیر و ترقی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی۔
مزیدخبریں