لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے نائب امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ کرپشن‘ بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور بیروزگاری کا خاتمہ نئی حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست ہونا چاہیے‘ ملک کو دہشتگردی اور غیروں کی غلامی سے نجات دلانے کیلئے آنے والی حکومت قومی امنگوں کے مطابق پالیسی بنائے‘جمہوریت کی مضبوطی سے ملک مضبوط ہو گا۔ وہ اتوار کے روز اپنے دفتر میں پارٹی رہنماﺅں اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ ملک میں بروقت انتخابات سے جمہوریت اور جمہوری ادارے مضبوط ہوئے ہیں اور عوام کو اپنے ووٹ کی طاقت سے فیصلہ کرنے کا موقع ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان آج انتہائی بحرانوں کا شکار ہے اور سب سے بڑا بحران کرپشن‘ بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور بیروزگاری ہے جس پر جتنی جلدی قابو پایا جائے گا یہ پاکستان اور عوام کیلئے اتنا ہی فائدے مند ہو گا۔انہوں نے کہا کہ آج ہر پاکستانی حکومت سے ریلیف مانگتا ہے اور جو بھی حکومت عوام کو ریلیف دے گی پاکستانی عوام اس کو ہی پسند کریں گے۔