تبدیل شدہ سیاسی کلچر روشن پاکستان کی بنیاد رکھے گا : علامہ ریاض حسین

May 13, 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی شاندار اور تاریخی کامیابی پر میاں نوازشریف کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ تبدیل شدہ سیاسی کلچر روشن پاکستان کی بنیاد رکھے گا۔ عوام نے جمہوریت اور شرافت کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے۔ جیتنے اور ہارنے والے کشادہ مزاجی کا مظاہرہ کریں اور مثبت اندازِ فکر اختیار کریں اور سیاسی تناﺅ کو ختم کر کے نئے دور کا آغاز کریں کیونکہ پاکستان اب مزید کشیدگی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ قومی قیادت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے متفقہ نیشنل ایجنڈے پر متحد ہو جائے۔ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ملک میں ناانصافی، جبر، میرٹ کی پامالی، لوٹ مار اور اقرباءپروری کا خاتمہ کیا جائے اور پاکستان کو مستحکم اور مضبوط بنا کر قوم کو مایوسی سے نکالا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ میاں نوازشریف کامیابی کو آزمائش اور امتحان سمجھیں اور اپنی تمام توانائیاں عوامی مسائل کے حل کے لیے وقف کر دیں۔ نئے حکمرانوں کو تعلیم، صحت اور میرٹ کو نصب العین بنا کر معاشرے سے کرپشن، ظلم اور استحصال کا خاتمہ کرتے ہوئے قانون اور آئین کی حکمرانی کی جانب بڑھنا ہو گا۔ 

مزیدخبریں