قومی ہاکی ٹیم کے دفاع ‘ گول کے شعبہ پر محنت کی ضرورت ہے : اجمل لودھی

May 13, 2013

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ اجمل خان لودھی نے کہا ہے کہ اگلے ماہ منعقد ہونے والے چیمپئنز چلینج کپ ٹورنامنٹ پاکستان ٹیم کے لئے بڑی اہمیت کا حامل ہے جس میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنا ہوگی۔ خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کی تیاری کے لئے رواں ماہ کے آخر میں تربیتی کیمپ لگایا جائے گا جس میں کھلاڑیوں کو تیار کیا جائے گا کہ وہ اس اہم ٹورنامنٹ میں کس حکمت عملی کے تحت میدان میں اتریں گے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کا اصل ٹارگٹ 2014ءمیں ہونے والا عالمی کپ ٹورنامنٹ میں وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کرنا ضروری ہے۔ میگا ایونٹ کو مد نظر رکھ کر جونئیر اور سینئر کھلاڑیوں کو کیمپ میں بلایا جائے گا جس کے لئے ٹیم مینجمنٹ کی جلد میٹنگ ہوگی تاکہ کیمپ کے لئے کھلاڑیوں کے ناموں کو فائنل کیا جا سکے۔ اجمل لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے ڈیفنس اور گول کیپنگ کے شعبہ پر محنت کرنے کی ضرورت ہے کیمپ میں کوشش ہوگی کہ اس دنوں شعبوں کی خامیوں کو دور کرنے کے لئے خاص حکمت عملی اپنائی جائے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اب تک قومی کھیل کی ترقی کے لئے جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ انتہائی مفید ثابت ہوئے ہیں انشااﷲ مستقبل میں بھی اچھے نتائج دینے کی کوشش کرینگے۔ ایک سوال کے جواب میں کوچ اجمل لودھی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے لئے یہ سال بڑا اہم ہے جس میں ہمیں زیادہ سے زیادہ غیر ملکی ٹیموں کے خلاف میچز کھیلنا ہونگے تاکہ ورلڈ کپ کی تیاری احسن طریقے سے کی جا سکے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام حال ہی میں ختم ہونے والی انڈر 16 بوائز ہاکی چیمپئن شپ انتہائی کامیاب رہی ہے جس میں کئی باصلاحیت کھلاڑی نظر آئے ہیں۔ انڈر 16 کے اسی طرح زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹ ہوتے رہے تو پاکستان ہاکی اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گی۔

مزیدخبریں