اسلام آباد (اے پی پی) پشاور میں ہونے والی 52 ویں نیشنل باسکٹ بال چیمپئن شپ کےلئے اسلام آباد کی ٹیم کا اعلان (آج) پیر کو کیا جائے گا۔ اسلام آباد باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری عمران بشیر نے اتوار کو”اے پی پی“ کو بتایا کہ ایونٹ کی تیاری کےلئے اسلام آباد کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ آئی ایٹ کورٹ اسلام آباد میں جاری ہے اورکیمپ میں 15لڑکے تربیت حاصل کر رہے ہیں اور انہیں کوچ عمران بشیر تربیت دے رہے ہیں۔ سیکرٹری نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں سے 12 باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب (آج) کیا پیرکو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ توقع رکھتے ہیں کہ ایونٹ میں اسلام آباد کی ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کامیابی حاصل کرے گی۔ واضح رہے کہ 52ویں نیشنل باسکٹ بال چیمپئن شپ 20سے 27 مئی تک پشاور میں کھیلی جائے گی۔