کراچی+ پشاور+ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) اب تک موصول ہونے والے انتخابی نتائج کے مطابق خیبر پی کے کی 99 میں سے 98 نشستوں کے نتائج موصول ہوئے ہیں جن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 34 نشستیں لے کر سرفہرست اور جے یو آئی ف 16 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ سندھ کی 130 میں سے 111 حلقوں کے انتخابی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی 69 سیٹوں کے ساتھ پہلے اور متحدہ قومی موومنٹ 23 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ بلوچستان میں 51 میں سے 43 حلقوں کے نتائج کے مطابق پختونخواہ ملی عوامی پارٹی 9 سیٹوں کے ساتھ سرفہرست اور مسلم لیگ (ن) 8 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ خیبر پی کے اسمبلی میں جے یو آئی ف نے 16، آزاد امیدواروں نے 13، مسلم لیگ ن نے 12، قومی وطن پارٹی نے 7، جماعت اسلامی نے 7، پیپلز پارٹی نے 2، اے این پی نے اور دیگر جماعتوں نے 4 نشستیں حاصل کیں۔ سندھ میں مسلم لیگ فنکشنل نے 7، آزاد امیدواروں نے 6، مسلم لیگ ن نے 2 اور دیگر نے 4 نشسستیں لیں۔ بلوچستان اسمبلی میں جے یو آئی ف نے 6، آزاد امیدواروں نے 6، ق لیگ نے 2 اور دیگر نے 12 سیٹیں لیں۔ بلوچستان میں قومیت پرست جماعتوں کو انتخابات میں اکثریت حاصل ہوتی دکھائی دے رہی ہے اور مسلم لیگ ن بھی بہتر پوزیشن میں ہے تاہم سابق حکمران پیپلز پارٹی ابھی تک کسی نشست پر کامیابی حاصل نہیں کر سکی۔ غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی قلعہ عبداللہ سے قومی اسمبلی کی نشست پر کامیابی ہوئے جبکہ ان کی جماعت کو اب تک صوبائی اسمبلی کی پانچ نشستوں پر بھی کامیابی مل چکی ہے۔ نیشنل پارٹی کو مستونگ‘ قلات اور تربت کی صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔ نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر مالک بلوچ حلقہ پی بی 48 تربت سے کامیاب ہوئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) بھی صوبے کی بڑی جماعت بن کر ابھر رہی ہے۔ کوئٹہ‘ کوہلو‘ جعفرآباد اور لورالائی سے مسلم لیگ ن کو پانچ صوبائی نشستوں پر اب تک کامیابی مل چکی ہے۔ ق لیگ نے آواران اور خاران کی دو صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کا گوادر سے صوبائی اسمبلی کا ایک امیدوار کامیاب ہو چکا ہے۔ سبی‘ ڈیرہ بگٹی اور بولان کی تین نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔ پی بی 23 کوہلو سے ( ن ) لیگ کے نوابزادہ چنگیز خان مری پی بی 35 سے سردار اختر مینگل‘ پی بی 22 سے عبدالرحیم زیارت وال پی پی 48 تربت سے نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ پی بی 37 قلات سے بی این پی عوامی کے میر ظفر اللہ زہری نے برتری حاصل کر لی۔ حلقہ پی بی 33 خضدار سے مسلم لیگ (ن) کے سردار ثناءاللہ زہری اور پی بی 20 سے جے یو آئی (ف) کے مولانا واسع نے میدان مار لیا۔ گذشتہ شام تک بلوچستان سے قومی اسمبلی کی 14 میں سے آٹھ نشستوں پر نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔
مخلوط حکومتیں
سندھ میں پیپلز پارٹی‘ خیبر پی کے اور بلوچستان میں مخلوط حکومتیں بنیں گی
سندھ میں پیپلز پارٹی‘ خیبر پی کے اور بلوچستان میں مخلوط حکومتیں بنیں گی
May 13, 2013