لاہور (خبرنگار) 20 سے زائد وزراءاور ایک سابق وزیراعظم کو شکست کا صدمہ برداشت کرنا پڑا جب کہ نااہل قرار پانے والے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو پارٹی کے ساتھ ساتھ تینوں بیٹوں کی شکست کا صدمہ بھی برداشت سہنا پڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق انتخابات میں شکست کھانے والوں میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سابق وزراءقمرالزمان کائرہ، نذر گوندل، فردوس عاشق اعوان، غلام احمد بلور، امتیاز صفدر وڑائچ، منظور وٹو، چودھری احمد مختار، مخدوم شہاب الدین، صمصام علی بخاری اور دیگر شامل ہیں۔ پیپلز پارٹی کے 5 صوبائی صدور میں سے 4 انتخابات ہار گئے جن میں صوبائی صدر وسطی پنجاب منظور وٹو، صوبائی صدر جنوبی پنجاب مخدوم شہاب الدین، صوبائی صدر صوبہ سرحد انور سیف اللہ خان، صوبائی صدر بلوچستان میر صادق عمرانی شامل ہیں۔ دریں اثنا آئی این پی کے مطابق دو سابق وزرائے خارجہ‘ خورشید قصوری اور سردار آصف احمد علی خان دو سابق وزرائے دفاع آفتاب شعبان میرانی اور چودھری احمد مختار اپنے آبائی حلقوں سے انتخابات ہار گئے جبکہ سلیم سیف اللہ بھی ناکامی سے دوچار ہوئے ہیں۔ دو سابق ڈپٹی سپیکرز فیصل کریم کنڈی اور سردار یعقوب اور سابق سپیکر فخر امام کا بھی قومی اسمبلی میں پہنچنے کا خواب پورا نہ کر سکے۔