نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ بی بی سی+ اے پی اے) بھارتی پارلیمانی انتخابات کے نویں اور آخری مرحلے کی ووٹنگ مکمل ہو گئی۔ 55کروڑ 10لاکھ افراد نے حق رائے دہی استعمال کیا، الیکشن کمشن کے مطابق ایگزٹ پول کے مطابق لوک سبھا انتخابات میں ریکارڈ ٹرن آئوٹ 66.36 فیصد رہا۔ بھارتی لوک سبھا کے انتخابات میں بی جے پی کو برتری حاصل ہے۔ نریندر مودی کو وزیراعظم کا پروٹوکول مل گیا۔ ووٹنگ ختم ہونے کے آدھے گھنٹے بعد ایگزٹ پول جاری کیا گیا ہے۔ بی جے پی اور اتحادی 272اور کانگریس 115سٹییں جیت سکتی ہے۔ ریکارڈ 551 ملین ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا، ٹرن آئوٹ 66.38 فیصد رہا۔ 5 برس قبل ہونیوالے الیکشن میں 417 ملین ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا تھا۔ ایگزٹ پول کے مطابق ووٹرز کی اکثریت نے بی جے پی کی حمایت کی ہے۔ ’’سی ووٹر‘‘ سروے کے مطابق بی جے پی پارلیمنٹ کی 543 میں سے 249 نشستیں جیت سکتی ہے جبکہ اسکے اتحادی نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے بھی مزید 40سیٹیں جیتنے کا امکان ہے۔ کانگریس کو صرف 78سیٹیں ملیں گی۔ انڈیا ٹو ڈے گروپ ’’پول‘‘ کے مطابق این ڈی اے 272سیٹیں جیت جائیگا۔آخری اور نویں مرحلے میں 41 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔ لوک سبھا کے انتخابات کے آخری مرحلے میں ریاست اتر پردیش، بہار اور مغربی بنگال میں ووٹ ڈالے گئے۔ انتخابی عمل کے آخری مرحلے میں بنارس کی ایک نشست توجہ کا مرکز ہے جہاں سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے وزارت عظمیٰ کے نامزد اْمیدوار نریندر مودی، عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجروال اور کانگریس پارٹی کے اْمیدوار اجے رائے مدمقابل ہیں کیونکہ اس نشست کا نتیجہ ملک کا سیاسی مستقبل بدل سکتا ہے۔ مبصرین کے مطابق اگر بی جے پی پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل بھی کرلے اور نریندر مودی بنارس سے ہار جائیں تو ان کے لئے وزیر اعظم بننا ناممکن ہوجائے گا۔ نتائج کا اعلان 16مئی کو ہو گا۔ ادھر نریندر مودی کو خصوصی پروٹوکول سکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے۔ ان کی سکیورٹی میں بھارت کے بلیک کیٹ کمانڈوز اور ایڈوانس سکیورٹی لائزن ٹیم میں اضافہ کیا گیا ہے جس میں بم ڈسپوزل کے ماہرین اور انٹیلی جنس افسران بھی شامل ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کو چھٹی ہو گئی، نریندر مودی آئندہ وزیر اعظم ہوں گے۔آئی این پی کے مطابق گاندھی خاندان کے چشم وچراغ اور کانگریس کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار راہول گاندھی کا وزیراعظم کا خواب ادھورا رہ جائے گا۔ 55 کروڑ 10 لاکھ ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ بھارتی سٹاک مارکیٹ میں تاریخی تیزی دیکھنے میں آئی اور انڈکس 7000 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح عبور کر گیا۔