مشہد (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف 2 روزہ دورہ ایران کے آخری مرحلے میں تہران سے مشہد پہنچے۔ مشہد پہنچنے پر گورنر جنرل صوبہ خراسان رضاوی اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا ہوائی اڈے پر خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم اور ان کے وفد کے ارکان نے مشہد پہنچنے کے بعد حضرت امام علی رضاؒ کے روضے پر حاضری دی۔ وزیراعظم اور وفد کے ارکان نے مزار پر عام لوگوں میں تقسیم کئے جانے والا ’’لنگر‘‘ کھایا۔ وزیراعظم اور وفد کے ارکان نے یہاں نوافل ادا کئے اور پاکستان کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعائیں کیں۔ وزیراعظم نواز شریف امام رضاؒ کے روضے پر حاضری کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔