لاہور( سٹی رپورٹر)نامور اداکارہ وینا ملک نے کہا ہے کہ عمران خان کے جلسے کی کامیابی یا ناکامی پر کمنٹ نہیں کروں گی لیکن یہ متاثر کن تھا ،طاہر القادری سے ملاقات یا رابطہ نہیں ہوا لیکن ملک و قوم کیلئے انکے پاس بھی پروگرام ہے ، بھارت میں کام کی بے شمار آفرز موجود ہیں لیکن میں پاکستان میں رہ کر کام کرنا چاہتی ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز اپنے شوہر اسد خٹک کے ہمراہ کراچی روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وینا ملک نے بتایا وہ ایک ہفتے کیلئے کراچی جارہے ہیں جہاں عبد اللہ شاہ غازی کے مزار مبارک پر حاضری دیں گے۔ اسکے علاوہ عبد الستار ایدھی کی عیادت کروں گی جبکہ مختلف ٹی وی چینلز کے مارننگ شوز میںشرکت، کارپوریٹ میٹنگز اور سمٹ 2014ء میں شرکت کرنا ہے۔ انہوں نے عمران خان کے ڈی چوک میں جلسے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان اپوزیشن میں ہیں انکے اس طرح کے شوز دیکھنے کو ملیں گے اور کافی لوگوںنے ان کا ساتھ دیا ہے۔ میں نے اس حوالے سے حکومتی لوگوں کی تقاریر او رموقف بھی سنا ہے۔ انہوں نے کہا نوازشریف بہت سلجھے ہوئے انسان ہیں۔ انکے ہیئر سٹائل سے بہت متاثر ہوں۔ الطاف حسین کی تقریر غور سے سنتی ہوں اور ان سے تقریرکرنا سیکھنا چاہتی ہوں۔ انہوںنے طاہر القادری کی جماعت میں شمولیت کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ان سے ابھی تک کوئی رابطہ یا ملاقات نہیں ہوئی لیکن میں نے انکی بھی تقریری سنی ہے اور ملک و قوم کے لئے انکا وژن ہے جس میں ملک میں صوبوں کی تعداد بڑھانے کی بات کی گئی ہے جس سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔