نئی دہلی ( نوائے وقت رپورٹ +دی نیشن رپورٹ) بھارتی میڈیا کے مطابق مودی سرکار نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ ڈپلومیسی شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پارٹی کو فیصلے سے آگاہ کر دیا کہ پاکستان سے کرکٹ سیریز شروع کر رہے ہیں۔ مودی نے کہا کہ پاکستان سے تعلقات بہتر کرنا ہیں تو پاکستان، بھارت کرکٹ ناگزیر ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق بھارت کی حکمران جماعت کے چند رہنما پاکستان بھارت کرکٹ سیریز کے مخالف ہیں۔ بی جے پی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شریک ایک بھارتی رکن نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ وزیر اعظم مودی نے یہ بات کہی ہے اجلاس میں حکومتی اقدامات کے حق میں قرارداد کے بعد اس کا اعلان کیا گیا جس پر پارٹی کے کچھ ارکان نے سیریز پر تحفظات کا اظہار کیا جس پر وزیرا عظم نے یہ بات کہی۔ بھارت کے سابق وزیر داخلہ آر کے سنگھ نے پیر کے روز لوک سبھا میں اس حوالے سے خدشات کا اظہار کیا تھا ۔ سابق کرکٹر اور سیاستدان کیرتی آزاد نے بھی اس کی مخالفت کی ہے اجلاس میں مودی سرکار کی طرف سے بھارتی امیج بہتر کرنے کے اقدامات کو سراہا گیا۔ اس دوران بھارت کی طرف سے پاکستان چین اکنامک کوریڈور پر تحفظات کا اظہار کیا کیونکہ اس راہدری کا کچھ حصہ آزاد کشمیر میں شامل ہے۔ اور اس حوالے سے بھارتی وزیرا عظم 14 مئی سے چین کے دورہ کے موقع پر اس معاملہ کو اٹھائیں گے۔