نیب پر اعتماد نہیں، کمشن بھی کارروائی کرے، وزیراعظم نے پارلیمنٹ کو مطمئن کر لیا تو میں بھی مان جائوں گا: عمران

May 13, 2016

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ حکومت لولا لنگڑا کمیشن بنانا چاہتی ہے، پانامہ لیکس میں وزیراعظم کے بچوں کا نام آیا ہے، اپوزیشن کے جو ٹی او آر دیئے ان کے ساتھ میرا اور نواز شریف کا احتساب کرایا جائے۔ صرف یہ جاننا چاہتے ہیں پیسے باہر کیسے گئے، کہاں سے کمائے گئے۔ وزیراعظم نے پارلیمنٹ کو مطمئن کر دیا تو میں بھی مان جائوں گا۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم کو فکر نہیں ہے تو وہ 15 منٹ میں جواب دے سکتے ہیں۔ وزیراعظم جواب دیدیں تو کمشن کے مطالبے سے ہٹ جائیں گے جب نیب نے کارروائی کی تو نواز شریف کو بتانا پڑے گا پیسہ کہاں سے کیسے آیا۔ نیب چاہے تو یہ مسئلہ ہفتوں میں حل ہو سکتا ہے۔ عرصے سے وزیراعظم کے پارلیمنٹ آنے کے منتظر ہیں۔ خیبر پی کے میں الیکشن کے دوران وزیر کو ہتھکڑیاں لگائی گئیں۔ یہ حکومت نہیں بلیک میلرز بیٹھے ہوئے ہیں۔ سڑکوں پر نکلنے کا مؤقف تبدیل نہیں کیا۔ دنیا میں لوگ جواب دے رہے ہیں یہ بادشاہ سلامت مغل اعظم بنے ہیں۔ جہانگیر ترین اور علیم خان کرپٹ ہیں تو آپ نے انہیں کیوں نہیں پکڑا۔ مؤقف نہیں بدلا، شروع سے آزاد کمشن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ نیب پر اعتماد نہیں اس لئے کمشن بھی کارروائی کرے۔ ٹوئٹر پیغام میں عمران نے کہا ہے کہ ملک میں ایک ہی قانون ہونا چاہئے تاکہ امیر غریب کے لئے فرق نہ ہو، کمزور اور طاقتور کے لئے الگ الگ قانون ہو تو قومیں برباد ہو جاتی ہیں، پانامہ لیکس میں اتنا کچھ آنے کے بعد نیب حرکت میں کیوں نہیں آ رہا ہے۔ ملک میں قانون سب کے لئے برابر ہونا چاہئے، جو بھی قانون کو توڑے بلاتفریق امیر ہو یا غریب اس کے خلاف کارروائی کرنا چاہئے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں ایسا نہیں ہے اگر پانامہ لیکس پر چیئرمین نیب نے کوئی کارروائی نہیں کی تو یہ جرم ہے نیب کو بلاتفریق ایکشن لینا ہو گا۔ کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف بیوی کے اثاثے چھپانے کا مقدمہ دائر کر دیا ہے، قوم منتظر ہے کہ الیکشن کمشن اپنے قوانین پر عمل کرتا ہے یا نہیں۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہزاد وسیم کی جانب سے یورپی سفیروں کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب میں عمران نے کہا ہے کہ پاکستان کے مسائل کا واحد حل کرپشن کا خاتمہ ‘ انسانی ترقی میں سرمایہ کاری اور قانون کی حکمرانی قائم کرنے میں ہے۔ علاوہ ازیں عمران خان آج شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی کیلئے فنڈ ریزنگ مہم میں شرکت کیلئے آج برطانیہ روانہ ہوں گے۔ ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ دو دن کیلئے لندن جا رہا ہوں۔ آف شور کمپنیوں پر وزیراعظم کے جواب کا منتظر رہوں گا۔ پیر کو واپس آجائوں گا۔

مزیدخبریں