کراچی (کرائم رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے مختلف علاقوں میں پرتشدد اور فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص ہلاک اور خاتون سمیت 7افراد زخمی ہوگئے جبکہ سکیورٹی اداروں کی کارروائیوں کے دوران 5 دہشت گردوں سمیت 18 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لانڈھی کے علاقے گیدڑ کالونی میں جھگڑے کے دوران ابراہیم کو چھری کے وار کرکے ہلاک کر دیا گیا۔ ادھر سہراب گوٹھ کے علاقے میں الآصف سکوائر کے نزدیک نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک خاتون زہریٰ زخمی ہوگئی جبکہ لانڈھی نمبر 4 میں ایک نوجوان عاصم کو فائرنگ کرکے زخمی کردیاگیا۔ پولیس نے لیاری کے علاقے سنگولین میں چھاپہ مار کر گینگ وار میں ملوث ڈوڈو بلوچ سمیت تین ملزم گرفتار اور ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم ڈوڈو بلوچ کا تعلق سردار آصف مٹھل گروپ سے ہے اور وہ دو روز قبل لیاری میں دو دستی بموں کے حملے میں بھی ملوث ہے۔ ادھر جیکسن پولیس نے دو مفرور سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ سی ٹی ڈی پولیس کی محمود آباد میں کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گردوں شمس الدین‘ نعمت اللہ اور عارف اللہ عرف بنگالی کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے اور وہ اپنی تنظیم کیلئے رقم اکٹھی کررہے تھے۔ منگھوپیر میں کاونٹر ٹیرررزم ڈپیارٹمنٹ نے کارروائی کر کے انتہائی مطلوب دہشتگرد نثار مروت عرف نثارے کو گرفتار کرلیا ۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی کے علاقے سپرہائی وے سے کالعدم جماعت کے 2ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔جبکہ مشرف کالونی میں سرچ آپریشن کے دوران گینگ وار عزیر بلوچ گروپ کا کمانڈر ملا زبیر پکڑا گیا ہے۔ادھر مشرف کالونی میں سرچ آپریشن کے دوران لیاری گینگ وار عزیر بلوچ گروپ کے کمانڈر ملازبیر کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا ہے ۔ملزم پولیس کو ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کی متعدوارداتوں میں مطلوب تھا۔علاوہ ازیں سکیورٹی اداروں کو سانحہ صفورا حملے میں ایک اور کامیابی مل گئی ہے۔ حملے میں ملوث مزید 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ بس پر 12دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا اور اب تک 10دہشت گردوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ دہشت گردوں کا تعلق القاعدہ سے ہے جبکہ داعش کا نام بھی استعمال کیا گیا۔علاوہ ازیں اورنگی ٹائون کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا 200 اہلکاروں نے حصہ لیا جس کے دوران 98 گھروں کی تلاشی لی گئی۔