شہروں میں آباد 80فیصد افراد آلودہ ہوا میں سانس لیتے ہیں: عالمی ادارہ صحت

May 13, 2016

جنیوا (اے پی پی) دنیابھر کے شہروں میں آباد انسانوں میں سے 80فیصد آلودہ ہوا سے سانس لے رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کے پھیپھڑوں کے کینسر اور دیگر مہلک امراض میں مبتلا ہونے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ یہ بات عالمی ادارہ صحت کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں کہی گئی۔ رپورٹ کے مطابق دنیا کے غریب مملک کے شہروں کے مکینوں کیلئے آلودہ ہوا سے ان کی صحت کو لاحق خطرات کہیں زیادہ ہیں، کم اور متوسط آمدنی والے ممالک کے 98فیصد شہروں میں ہوا میں پائی جانیوالی آلودگی بین الاقوامی معیار سے زیادہ ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈیپارٹمنٹ آف پبلک ہیلتھ اینڈ انوائرمنٹ کی سربراہ ماریا نیرا نے ایک بیان میں کہاکہ دنیا بھر کے شہروں میں فضائی آلودگی میں نہایت تیزی سے اضافہ ہو رہاہے اور اسی شرح سے ان شہروں کے مکینوں کو صحت کے خطرات بھی بڑھ رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق فضائی آلودگی کے حوالہ سے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی بد ترین شہر جبکہ دوسرے نمبر پر مصری دارالحکومت قاہرہ اور تیسرے نمبر پر بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکہ ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کا کہناہے کہ بعض شہروں میں فضائی آلودگی کے حوالے سے اعداد و شمار حاصل نہیں کئے جاسکے جن میں کئی افریقی ممالک کے شہر شامل ہیں۔

مزیدخبریں