مقبوضہ کشمیر: نوجوانوں ، طلبہ کے مظاہرے، بھارتی فورسز کی شیلنگ فائرنگ،23زخمی،20بے ہوش

سرینگر(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے طلباءپرطاقت کے وحشیانہ استعمال اور دیگر مظالم کے خلاف جمعہ کے روز وادی کشمیرمیں زبردست مظاہرے کئے گئے ۔ مظاہرینپر بھارتی فوجیوں اورپولیس اہلکاروںکی فائرنگ اور شیلنگ سے 23مظاہرین زخمی‘ 20بے ہوش ہوگئے۔سرینگر، بڈگام ، گاندربل، سوپور، پلہالن ، پٹن ، بارہمولہ ، اسلام آباد ، پلوامہ ، حاجن ، شوپیان ، کولگام ، کپواڑہ ، بانڈی پورہ اور دیگر علاقوں میں طلباءاور نوجوانوں نے سڑکوں پر نکل کر آزادی اور پاکستان کے حق میں اور بھارت کیخلاف نعرے بلند کئے ۔ انہوںنے متعدد مقامات پر پاکستانی پرچم بھی لہرائے۔بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںنے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جس کے بعد فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ طلبہ نے آرمی گڈز سکول کی عمارت پر پتھراﺅ کیا اور جامع مسجد سری نگر سے نماز جمعہ کے بعد مارچ نکالنے کی کوشش کی جنہیں بھارتی فورسز نے روک دیا۔ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے جامع مسجد سرینگر میں نمازجمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے معروف آزادی پسند رہنماﺅں شہید میر واعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوںنے ان شہداءکی یاد میںمنائے جانیوالے ہفتہ شہادت کے سلسلے میں مختلف پروگراموں کا بھی اعلان کیا ۔ منگل سے شروع ہونیوالے ہفتہ شہادت کے دوران سیمینارز، ریلیاں، بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کئے جائیں گے اور21 مئی کو مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی جائیگی۔ میر واعظ نے کہاکہ مشترکہ حریت قیادت کے پروگرام کے مطابق 21مئی کو یوم تجدیدعہد کے طورپر منایا جائیگا۔ دریں اثنا گزشتہ روز پلوامہ میں بھارت مخالف مظاہروں کے دوران بھارتی فورسز کی طرف سے دکانوں کی لوٹ مار کے خلاف قصبے میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ بھارتی پولیس کی زیر حراست ایک نوجوان کی گمشدگی کیخلاف آج شوپیاں قصبے میں دوسرے روز بھی ہڑتال رہی۔ بھارتی پولیس نے حریت رہنماﺅں مختار احمد وازہ اور ظفر اکبر بٹ کو اسلام آباد اور کپواڑہ کے علاقو ں سے گرفتار کر لیا۔علاوہ ازیں بڈگام کے سی آر پی ایف ریجنل ٹریننگ کیمپ میں ایک بھارتی فوجی انیل کمار نے زہر کھا کر خودکشی کرلی اسکی نعش کمرے سے برآمد ہوئی جسے پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لئے بھجوادیا۔

ای پیپر دی نیشن