قائمہ کمیٹی داخلہ نے نیشنل کائونٹر ٹیررزم اتھارٹی ترمیمی بل منظور کر لیا

اسلام آباد (این این آئی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول نے نیشنل کائونٹر ٹیررزم اتھارٹی (ترمیمی) بل 2017ء کی متفقہ طور پر منظوری دیدی ہے، یہ بل ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے پیش کیا تھا۔ رانا شمیم احمد خان کی زیر صدارت اجلاس میں کمیٹی نے کریمنل لاء (ترمیمی) بل 2017ء کو اپنے آئندہ اجلاس تک مؤخر کر دیا۔ یہ بل رکن قومی اسمبلی زہرہ ودود فاطمی نے پیش کیا تھا۔ اجلاس میں سیّد جاوید علی شاہ، غالب خان، میاں شاہد حسین خان بھٹی، احسان الرحمن مزاری، نواب محمد یوسف تالپور، خیال زمان اورکزئی، ڈاکٹر عارف علوی، کنول نوید جمیل، نعیمہ کشور خان، شیر اکبر خان، زہرہ ودود فاطمی اور شازیہ مری نے شرکت کی۔ وزارت داخلہ اور نارکوٹکس کنٹرول، نیشنل کائونٹر ٹیررزم اتھارٹی (نیکٹا)، نادرا، اسلام آباد ٹیریٹری ایڈمنسٹریشن اور وزارت قانون و انصاف کے سینئر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ نادرا کے کراچی میں بڑے سنٹر کے قیام سے رجسٹریشن کے عمل میں اضافہ ہوا ہے۔ پشاور اور کوئٹہ میں بھی دو بڑے سنٹرز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری میں بچوں کی ملازمت کے امتناع کے بل 2017ء کا بھی جائزہ لیا گیا جسے رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے پیش کیا اور ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس تک اس بل کو مؤخر کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن