اسلام آباد (اے پی پی) نیب کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ بدعنوانی کا خاتمہ نہ صرف نیب کی اولین ترجیح ہے بلکہ ہماری قومی ذمہ داری ہے، نیب ملک سے بدعنوانی کو آہنی ہاتھوں سے کچلنے کیلئے پرعزم ہے۔ بدعنوان عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں گذشتہ ماہانہ رابطہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے انسداد بدعنوانی کی قومی حکمت عملی وضع کی۔ نیب کو گذشتہ 16 سال کے دوران 3 لاکھ 26 ہزار 694 شکایات موصول ہوئیں ہیں جن کو قانون کے مطابق نمٹایا گیا۔ نیب نے 10992 شکایات کی جانچ پڑتال کی ہے جبکہ 7303 انکوائریاں اور 3648 انوسٹی گیشنز نمٹائی ہیں جبکہ احتساب عدالتوںمیں2667 ریفرنس دائر کئے۔ نیب کی مجموعی سزا کی شرح 76 فیصد ہے جو کہ گزشتہ 16 سال کے دوران سب سے بہترین کارکردگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب مالی کمپنیوں میں دھوکہ دہی، بینک فراڈز، بینک نادہندگان، لوگوں سے بڑے پیمانے پر فراڈ اور ملازمین کے سرکاری فنڈز میں گھپلوں کے مقدمات کو نیب ترجیحی بنیادوں پر نمٹاتا ہے۔ نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک بدعنوان عناصر سے لوٹے گئے 287 ارب روپے وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں جو کہ نمایاں کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2015ء کے مقابلہ میں شکایات، انکوائریوں اور انوسٹی گیشنز کی تعداد تقریباً دوگنی ہے۔
کرپشن کوآہنی ہاتھ سے کچلنے کیلئے پرعزم ہیں: چیئرمین نیب
May 13, 2017