راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) بزرگ سیاستدان‘ سینئر پارلیمنٹیرین اور راولپنڈی ڈویژن کے پروگریسو فارمر سردار محمد سرفراز خان آف کھنڈہ جمعہ کے روز اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی نماز جنازہ آج ہفتہ کو 11 بجے آبائی گا¶ں کھنڈہ تحصیل جنڈ ضلع اٹک میں ادا کی جائے گی۔ ان کی عمر 89 سال تھی انہیں اسلام آباد سے واپسی پر یہاں اپنی اقامت گاہ سرور روڈ پر دوپہر کو دل کی تکلیف ہوئی تھی انہیں اے ایف آئی سی لے جایا گیا مگر ان کی روح قفس عنصری سے پرواز کر چکی تھی۔ سوگوار لواحقین میں ان کے صاحبزادے سردار شاہ نواز خان اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔ وفات کی اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں عزیز و اقارب اور دوست احباب ان کی اقامت گاہ پر پہنچ گئے جن میں قومی اسمبلی کے رکن ملک ابرار احمد‘ سردار ممتاز ٹمن‘ ملک افتخار احمد ‘ پنجاب کے سابق وزیر سردار غلام عباس‘ جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے صدر سردار خالد ابراہیم‘ سردار فاروق ابراہیم‘ ملک عطا محمد خان کھنڈہ ‘ سردار احسن علی خان‘ عبدالرزاق جامی شامل تھے۔ سردار محمد سرفراز خان نے بھرپور سیاسی اور سماجی زندگی گزاری۔ وہ 1977 ءاور 1997 ءمیں پنجاب اسمبلی اور 1985 ءمیں قومی اسمبلی کے رکن رہے۔ مسلم لیگ ق کے صدر اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین ‘ سابق نائب وزیراعظم اور مسلم لیگ ق کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی اور سابق ضلع ناظم اٹک میجر (ر) سردار طاہر صادق نے سردار سرفراز کی وفات پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
بزرگ سیاستدان سردار سرفراز انتقال کر گئے‘ نماز جنازہ آج کھنڈہ میں ہو گی
May 13, 2017