راولپنڈی میں ،بارہ بارہ گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ سے پانی کی قلت پیدا ہوگئی

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) صوبائی حلقہ پی پی 13 میں شامل شہر کی چھ یونین کونسلوں اور چک لالہ کینٹ کے تین وارڈ میں شامل محلے حکمداد‘ امرپورہ‘ چاہ سلطان‘ قاسم آباد‘ ڈھوک کھبہ‘ ڈھوک چراغ دین اور ملحقہ علاقوں کی آبادی بارہ گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ اور موسم گرما کی شدت میں پانی کی شدید قلت سے عاجز آگئی ہے اور لوگ پانی کی تلاش میں اپنی مدد آپ کے تحت لگائے گئے ہینڈ پمپس کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ یہ بات پی ٹی آئی راولپنڈی کے جنرلسیکرٹری ظہیر احمد اعوان نے کہی۔انہوں نے کہا کہ بارہ گھنٹے بجلی کی بندش سے ٹیوب ویل بند ہونے سے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ لوگ پانی کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں اور سکولوں میں یو پی ایس نہ ہونے کی وجہ سے بچے سخت گرمی اور پانی کی قلت سے پیاس کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھ ماہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے پر برسر اقتدار آنے والے حکمرانوں کو چار سال میں بھی یہ وعدہ پورا نہ کرنے پر مستعفی ہوجانا چاہئے۔ میاں شہبازشریف نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر پی پی پی کی حکومت کے خلاف احتجاجی کیمپ لگایا تھا اب ہمارا مطالبہ ہے کہ نہ صرف وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف اور وزیر مملکت عابد شیر علی بلکہ وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کو بھی مستعفی ہوجانا چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن