سیالکوٹ+ سرینگر (نامہ نگار+ صباح نیوز) بھارتی سکیورٹی فورسز نے چاروہ سیکٹر کی دو مختلف پوسٹوں سے پاکستانی علاقہ پر فائرنگ اور گولہ باری کی، پاکستان رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائی سے گولہ باری بند ہوگئی۔ گزشتہ صبح ساڑھے 6 بجے بھارتی سکیورٹی فورسز نے چاروہ سیکٹر کی اپنی ٹینٹ پوسٹ سے سرحد پر لگائی گئی باڑ کا دروازہ کھول کر متنازعہ علاقہ میںآکر ہل چلانے شروع کردئیے جس پر پاکستان رینجرز کے جوانوں نے انہیں روکنے کیلئے ہوائی فائر کیا جس پر بھارتی سکیورٹی فورس نے چاروہ سیکٹر کی خالد پوسٹ پر فائرنگ شروع کردی۔ آدھ گھنٹہ بعد بی ایس ایف نے اپنی پٹیل پوسٹ سے ہماری شاہین پوسٹ پر فائرنگ اور گولہ باری شروع کردی جس کے جواب میں پاکستان رینجرز کے جوانوں نے جوابی فائرنگ اور گولہ باری کی تو بھارتی گنیں خاموش ہو گئیں تاہم کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ بھارت نے پراپیگنڈا کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ فوج جموں کے ارنیا علاقہ میں بین الاقوامی سرحد پر باڑ پر کام میں مصروف تھی جس دوران بھارتی فوجیوں پر فائرنگ کی گئی۔ بھارتی فورسز نے جوابی کارروائی کی۔ ایک سینئر بھارتی فوجی افسر نے بتایا کہ ڈیٹی کمشنر نے راجوری ضلع میں ایل او سی سے متصل علاقوں کے سکولوں کو دو دن بند کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔