راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب عمر رسول نے کہا ہے کہ فنکار ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیںاور خصوصا لوک گیت اور لوک رقص خطہ پوٹھوہار کی اہم پہچان ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت فنکاروں ، ادیبوں،مصوروں اورشعراء کوقدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اوران کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک گیت اور لوک رقص دنیابھر میںپاکستا ن کی ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار راولپنڈی آرٹس کونسل میں منعقدہ پنجاب کی تمام آرٹس کونسلوں کے مابین منعقدہ’’ لوک فینالے‘‘ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری انفارمیشن و کلچر پنجاب ثمن رائے، ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل وقار احمد ،سابق ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل ناہید منظور،ڈپٹی ڈائریکٹر سجاد احمد،کورین ایمبیسی کے قونصلر مسٹر کم(Mr. Kim)، چائنیز اور کورین طلبا وطالبات کے علاوہ لوک فنکاروں اور شائقین کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ ایڈیشنل سیکرٹری انفارمیشن و کلچر پنجاب ثمن رائے نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لوک فنکار ہمارے ملک اور خطہ پوٹھوہار کی ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ خطہِ پوٹھوہارمیں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور اس ٹیلنٹ کو نکھارنے کے لئے فنکاروں کو صرف پلیٹ فارم مہیا کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کی آرٹس کونسلیں تمام فنکاروں کوبلا تفریق یہ پلیٹ فارم مہیا کرنے میں پیش پیش ہیںاورآرٹس کونسل کا یہ پلیٹ فارم ان کی صلاحتیوں میںمزید نکھارپیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ محنت میں عظمت ہے اور بیشک فنکار اپنی محنت کے بل بوتے پہ اپنے فن میں جان ڈال دیتے ہیںاور یہی فنکارانٹرنیشنل سطح پر پرفارم کر کے اپنا اور ملک کا نام روشن کرتے ہیں۔اس موقع پر پنجاب کی مختلف آرٹس کونسلوں سے آئے ہوئے فنکاروں نے لوک گیت ، سمی رقص ، پوٹھوہاری بیت بازی، تلوار رقص اور دیگر رنگا رنگ پروگرام پیش کئے اس موقع پر چین اور کوریا کے طلبا و طالبات نے بھی اپنی زبان میں گیت پیش کئے اور شائقین سے داد وصول کی۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد اور میڈیم ناہید منظور نے مہمان خصوصی اور دیگر آنے والے فنکاروں اور مہمانوں کا شکریہ اد ا کیا اور کہا کہ راولپنڈی آرٹس کونسل ہمیشہ عوام کو بہتراور معیار ی تفریح کے مواقع پیش کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری انفارمیشن و کلچر پنجاب ثمن رائے نے اس موقع پر کورین ایمبیسی کے کلچرل قونصلر مسٹر کم (Mr. Kim)کو سوینیئر پیش کیا اور عمدہ پرفارمنس کا مظاہر ہ کرنے والے فنکاروں میں انعامات تقسیم کئے۔