متحدہ مجلس عمل آج مینار پاکستان پر جلسہ کریگی، تیاریاں مکمل

May 13, 2018

لاہور (سپیشل رپورٹر) مذہبی جماعتوں پر مشتمل سیاسی اتحاد متحدہ مجلس عمل آج مینار پاکستان میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گا، آج شام پانچ بجے عوامی اجتماع کے انعقاد کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ جلسے کے حوالے سے متحدہ مجلس عمل نے بھی شہر بھر کو بینروں، پوسٹروں اور متحدہ مجلس عمل میں شامل قائدین کی تصاویر سے سجا دیا ہے جبکہ سب سے زیادہ بینر شہر میں جماعت اسلامی کی جانب سے لگائے گئے ہیں۔ متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے مینار پاکستان پر پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ آج کا جلسہ ملک میں انتخابی تاریخ بدل دے گا ہم مینا ر پاکستان پر نئے جذبے اور ولولے کیساتھ سیاسی سفر کا آغاز کررہے ہیں ۔انشاءاللہ آج کے جلسے میں اسلا م پسندوں کی سیاسی قوت کا مظاہرہوگا۔ملک و اسلام سے محبت کرنے والے آج مینار پاکستان پر جمع ہوں گے۔ اس موقع پر مفتی کفایت اللہ، متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر میاں مقصود احمد، علامہ عارف واحدی، سبطین سبزواری، جاوید قصوری، بلال قدرت بٹ سمیت کارکنوں کی بڑی تعدا دبھی موجود تھی۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل آئین و قانون کی پاسداری کرے گی اور الیکشن کمشن کی جانب سے خواتین کی مقرر کردہ نشستوں پر انہیں نمائندگی دے گی۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی جانب سے مرکزی اور صوبائی پارلیمانی بورڈ قائم کردیئے گئے ہیں۔ چار ڈپٹی سیکرٹری ممبرہونگے،میڈیا سیل شاہ اویس نورانی ،قانونی امو ر اسد اللہ بھٹو،مالیاتی امور غلام شبیر اور منشور کمیٹی کے سربراہ پروفیسر ساجد میر اور سیکرٹری ڈاکٹر فرید احمد پراچہ مقرر کئے گئے ہیں۔ آج مینار پاکستان میں متحدہ مجلس عمل کا قومی سیاسی، انتخابی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا۔
ایم ایم اے/ جلسہ

مزیدخبریں