لاہور (اسپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے پاکستان کی جانب سے امریکی سفارتکاروں پر پابندی عائد کرنے کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان ایک آزاد ملک ہے امریکہ کیساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں نہ کہ غلام اور آقا کے طرز پر سیاسی و عسکری قیادت میں تناﺅ سے متعلق وزیر دفاع سے پوچھاجائے ۔ متحدہ مجلس عمل کا بنیادی مقصد سیاست کو جاگیرداروں سے چھین کر غریبوں میں لے آنا ہے، بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ پانی اور بے روزگاری کا ہے، چیف جسٹس کہاں کہاں جائیںگے، کوئٹہ ہو یا پھر پشاور اور کراچی سمیت ملک کے دیگر شہر وں میں پورا آوے کا آوا ہی بگڑا ہواہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کوئٹہ کے صوبائی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ سراج الحق نے کوئٹہ میں حالیہ واقعات ،ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کی اور کہاکہ اربوں روپے سیکورٹی کیلئے مختص ہوتے ہیں لیکن اسکے باوجود بھی کوئٹہ شہر میں امن وامان کا قیام عمل میں نہیں لایا جاسکا۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ آئندہ انتخابات میں متحدہ مجلس عمل مدمقابل تمام جماعتوں کو شکست فاش سے دوچار کریگی۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دو عشروں سے حکومت میں رہنے والی سیاسی جماعتوں کا کردار اور طرز سیاست عوام پر عیاں ہوچکا ہے۔ متحدہ مجلس عمل کا ایک بھی رہنماءاور عہدیدار نیب زدہ نہیں ہے نہ ہی کوئی کرپشن میں ملوث ہے ۔ ملکی خارجہ پالیسی میں بہت زیادہ نقائص اور بڑی دراڑیں موجود ہیں۔
سراج الحق
آوے کا آوا ہی بگڑا ہے، چیف جسٹس کہاں کہاں جائینگے: سراج الحق
May 13, 2018