ملتان (نامہ نگارخصوصی)متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ آج مینارپاکستان پر ہونے والا ایم ایم اے کاجلسہ عام تاریخی ثابت ہوگا جوملک میں سیاسی فضا خوشگوار اور دینی جماعتوں کے اتحاد کو پذیرائی اور کارکنان میں نیاجوش وولولہ اور جذبہ پیداکرے گا۔ پاکستان کے عوام نے مسلم لیگ(ن)اور پیپلزپارٹی کی کرپشن کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کی نام نہاد تبدیلی کو بھی دیکھ لیا ہے۔اب وقت آگیاہے کہ جھوٹے اور کھوکھلے دعویداروں اور بہروپیوں سے نجات حاصل کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں85فیصد نوجوان اسلامی شریعت کے حامی ہیں۔ وہ سیکولر اور لبرلزسے تنگ آچکے ہیں اور ملک میں شرعی نظام چاہتے ہیں۔70برسوں سے اس ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے کرپٹ اور مفاد پرستوں کو قوم اچھی طرح پہچان چکی ہے۔انشاء اللہ2018کاالیکشن ان کے لیے ڈرائوناخواب ثابت ہوگا۔موجودہ حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں کی بدولت ملک وقوم مسائل کی دلدل میں دھنستے جارہے ہیں۔
جھوٹوں اور بہروپیوں سے نجات حاصل کرنیکا وقت آ گیا: میاں مقصود
May 13, 2018