جاوید ہاشمی مردہ گھوڑا‘ ملتان کی سیاست میں قصہ پارینہ ہو گئے: عامر ڈوگر

May 13, 2018

ملتان (نامہ نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و ایم این اے ملک محمد عامر ڈوگر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ نواز کا ملتان کی سیاسی تاریخ میں سب سے ناکام جلسہ ہے ملتان کے غیور عوام نے بری طرح مسترد کر دیا ہے اور یہ شو فلاپ ہو گیا جس کی بنیادی وجہ 32 سالہ طویل دور حکمرانی میں ملتان اور جنوبی پنجاب کو مسلم لیگ نواز نے بری طرح نظر انداز کیا اور اس خطے کی محرومیوں ‘ بیروزگاری میں اضافہ ہوا اور یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ تخت لاہور کے حکمران جنوبی پنجاب کے عوام کی الگ شناخت نہیں چاہتے اور ہمارے صوبے کے مخالف ہیں جس کا عملی ثبوت کل جلسہ میں ہو گیا ہے‘ نواز شریف‘ مریم نواز اور کسی بھی دوسرے مقرر نے جنوبی پنجاب صوبے کا نام تک نہیں لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کے جلسے سے ثابت ہو گیا ہے کہ ہماری ترقی کی دشمن مسلم لیگ نواز ہے اور جلسہ کی ناکامی پر نوازشریف اور مریم نواز نے بھی مقامی قیادت سے اپنی ناراضی کا اظہار کیا جس پر مقامی قیادت ایک دوسرے پر الزامات لگاتے رہے‘ جاوید ہاشمی مردہ گھوڑا ہے اس کا مسلم لیگ میں شامل ہونا سونے پر سہاگہ ہے جاوید ہاشمی ملتان کی سیاست میں قصہ پارینہ ہو گئے ہیں۔ ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ جاوید ہاشمی این اے 155 سے الیکشن لڑیں اور این اے 155 کے غیور عوام اس محسن کش‘ جھوٹے‘ مکار‘ بکاؤ مال داغی کو ایک بار پھر شکست فاش دیں گے۔

مزیدخبریں