واشنگٹن(این این آئی)مشرقِ اوسط میں امریکا کی بحری افواج کے کمانڈر نے کہا ہے کہ اگر انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق ایران سے کوئی خطرہ درپیش ہوا تو وہ اپنے طیارہ بردار بحری بیڑے کو آبنائے ہْرمز کی جانب بھیجنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔یہ بات امریکی بحریہ کے بحرین میں لنگرانداز پانچویں بیڑے کے کمانڈر وائس ایڈمرل جیم میلوئے نے برطانوی خبررساں ایجنسی سے ایک انٹرویو میں کہی ۔البتہ انھوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ آیا وہ خطے میں بھیجے گئے طیارہ بردار جہاز ابراہام لنکن کو آبنائے ہرمز کی جانب بھیجیں گے۔دنیا میں استعمال ہونے والے تیل کا پانچواں حصہ اسی اہم آبی گذرگاہ سے ہو کر جاتا ہے۔جیم میلوئے نے کہا کہ اگر مجھے ضرورت پیش آئی تو میں طیارہ بردار بحری جہاز کو آبنائے ہرمز میں داخل کرنے سے گریز نہیں کروں گا۔اس ضمن میں مجھ پر کوئی قدغن نہیں لگائی گئی ہے ،مشرقِ اوسط بھر میں کہیں بھی اس کو لے جانے کے لیے مجھے کوئی چیلنج درپیش نہیں ہے۔