سانحہ 12 مئی کے کئی ملزموں کو پچھلے 3 ماہ میں گرفتار کیا گیا‘ کراچی پولیس چیف

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ 3 ماہ میں سانحہ 12 مئی کے کافی ملزمان کی گرفتاریاں ہوئی ہیں۔ کراچی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ سانحہ 12 مئی 2007 ء کے سلسلے میں پورے کراچی میں 65 مقدمات درج ہوئے تھے اور اب تک 36 مقدمات کا چالان عدالتوں میں جمع کرایا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحے سے متعلق ڈیجیٹل لائبریری سے استفادہ کیا جا رہا ہے اور ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کے بیانات لئے جا رہے ہیں جبکہ مختلف ٹی وی چینلز سے آن اور آف ایئر فوٹیج لے رہے ہیں۔ ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا تھا کہ 12 مئی 2007 ء سے متعلق بیان کے لئے جے آئی ٹی سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ 12 مئی 2007 ء کو وکلاء تحریک اپنے عروج پر تھی۔ اس وقت کے غیر فعال چیف جسٹس افتخار محمد چودھری سندھ ہائی کورٹ کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر کراچی آ رہے تھے کہ اس موقع پر شہر کو خون سے نہلا دیا گیا۔ شہر کی شاہراہوں پر اسلحے کا آزادانہ استعمال دیکھنے میں آیا اور خون ریزی میں وکلاء سمیت 48 افراد شہر کی سڑکوں پر دن دیہاڑے قتل کر دیئے گئے۔

ای پیپر دی نیشن