راولپنڈی(آئی این پی ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مائوں کے عالمی دن پر شہدا کی ما ئو ں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک وطن پر بیٹے قربان کرنے کا حوصلہ رکھنے والی مائیں موجود ہیں، اس ملک کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔مائوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں آرمی چیف نے کہا کہ ان مائوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنکی قربانی کی بدولت ہم آج اس مقام تک پہنچے ہیں۔ جب تک بہادر سپوتوں کی مائیں موجود ہیں، کوئی ہمیں شکست نہیں دے سکتا۔دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے بھی مائوں کے نام سوشل میڈیا پیغام جاری کیا گیا جس میں انھوں نے تمام مائوں خصوصاً شہدا کی ماوں کو سلام پیش کیا ہے۔ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ماں پیار، خیال، حفاظت اور بے لوث ہونے جیسے لافانی احساسات کا نام ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ماں صرف رشتے کا نام نہیں، ایسا ہوتا تو ان کے جانے سے یہ رشتہ ختم ہو جاتا۔