لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ایک روزہ میچ میں انگلش بائولر لیام پلنکٹ کی گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لیام پلنکٹ بائولنگ کے دوران گیند سے چھیڑ چھاڑ کررہے ہیں۔ پاکستان ٹیم مینجمنٹ بھی آگاہ ہے تاہم میچ آفیشلز کی جانب سے اب تک واقعہ کو رپورٹ نہیں کیا گیا۔ قوانین کے مطابق میچ آفیشلز 48 گھنٹوں میں معاملے کو رپورٹ کرسکتے ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ بھی معاملے کو 96 گھنٹے کے اندر رپورٹ کرسکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے سی ای او کو بھی 7دن کے اندر ازخود معاملہ رپورٹ کرنیکا اختیارہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انگلش بائولر کی ویڈیو پر ردعمل میں کہا ہے کہ میچ آفیشلز مطمئن ہیں کہ گیند سے کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں ہوئی، ہر اوور پر گیند کی کنڈیشن چیک کی گئی تاہم بال ٹیمپرنگ کے شواہد نہیں ملے ہیں۔ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پلنکٹ نے ریورس سوئنگ کرنے کیلئے گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی اور اگر ان پر یہ الزام درست ثابت ہو گیا تو عالمی کپ سے قبل ان پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے جو انگلینڈ کے لیے بڑا دھچکا ہو گا۔انگلش بائولر لیام پلنکٹ کے بال ٹمپرنگ کے معاملے پر وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ انگلش ٹیم ہمیں ہرانے کے لئے کیا بال ٹمپرنگ کرے گی؟انہوں نے استفسار کیا کہ کہاں ہے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل ؟ انگلش بائولر کے خلاف کوئی ایکشن کیوں نہیں لیا گیا؟