بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز؛امپائر کی جانبداری ‘ پاکستان گولڈ میڈل سے محروم

May 13, 2019

لاہور (سپورٹس رپورٹر)امپائر کی طرف سے جانبداری برتنے کی وجہ سے پاکستان بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز میں یقینی گولڈ میڈل سے محروم ہوگیا۔برازیل میں منعقدہ بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز کے فائنل میں پاکستانی ریسلر انعام بٹ کا مقابلہ جارجیا کے پہلوانوں سے تھا۔ مقابلے کے دوران امپائر کی کھلی جانبداری دیکھی گئی جس کے نتیجے میں انعام بٹ کو 0-2 سے غیر یقینی شکست ہوئی۔ شکست کے باوجود انعام بٹ پہلے پاکستانی ہیں جو امریکہ میں شیڈول ورلڈ بیچ گیمز 2019 کے لئے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ انعام بٹ کا کہنا ہے کہ فائنل مقابلے کے دوران امپائرنے جانبداری برتی جس کی وجہ سے میں یقینی طور پر گولڈ میڈل سے محروم رہ گیا، امپائر کے فیصلے کے خلاف یونائٹڈ ورلڈ ریسلنگ کو درخواست دیدی ہے امید ہے کہ فیصلہ میرے حق میں ہی آئے گا۔ میں اپنے پرستاروں کا بھی مشکور ہوں کہ جو میری کامیابیوں کیلئے دعائیں کرتے رہے۔ ورلڈ بیچ گیمز رواں سال اکتوبر میں امریکہ کے شہر سین ڈیاگو میں شیڈول ہیں۔انعام بٹ نے ریفری کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو یقینی گولڈ میڈل سے محروم کردیا گیا۔

مزیدخبریں