اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں لوکل گورنمنٹ نظام کے ذریعے پی ٹی آئی اپنی آمریت قائم کرنا چاہتی ہے، پی ٹی آئی جانتی ہے نااہلی، نالائقی اور بدترین کارکردگی کی وجہ سے کوئی ان کو ووٹ نہیں دے گا،مسلم لیگ ن اس قانون کے خلاف ڈٹ کر کھڑی رہے گی اور عوام کے حقوق چھیننے نہیں دے گی۔پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ خان نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے حوالے سے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی پنجاب میں نااہل حکومت اکثریت نہ ہونے کے باوجود پورے نظام کو درہم برہم کرنا چاہتی ہے ،نئے قانون کے تحت یہ نالائق حکمران لوکل گورنمنٹ کے الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، ایک سال کے اندر نئے الیکشن کرانے کا وعدہ کیا گیا تھا، اب اس سے بھاگ رہے ہیںپی ٹی آئی جانتی ہے کہ ان کی نااہلی، نالائقی اور بدترین کارکردگی کی وجہ سے کوئی ان کو ووٹ نہیں دے گا یہ الیکشن سے خوفزدہ ہیں، انہوں نے کہا نااہل اور نالائق حکومت عوام پر ظلم کر رہی ہے پی ٹی آئی والے اپنے حلقوں میں نہیں جا سکتے ،پنجاب میں لوکل گورنمنٹ نظام کے ذریعے پی ٹی آئی اپنی آمریت قائم کرنا چاہتی ہے ،پی ٹی آئی کی اکثریت نہ ہونے کے باعث یہ نظام مسلط کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی کے سیاسی مفاد میں سارا نظام درہم برہم کیا جا رہا ہے عوام کے یونین کونسل سطح کے حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے ،سیاسی عدم استحکام لانے کی سازش جاری ہے پی ٹی آئی کی طرف سے نیا لوکل گورنمنٹ ایکٹ ایک نئے سیاسی بحران کو دعوت دینے کے مترادف ہے مسلم لیگ ن اس قانون کے خلاف ڈٹ کر کھڑی رہے گی اور عوام کے حقوق چھیننے نہیں دے گی نااہل اور نالائق حکومت کے اتحادی تک اس نظام کے حق میں نہیں۔