مسلم حکمران ام المومنین حضرت خدیجہ ؑکے جذبہ قربانی پر عمل کریں،حامد موسوی

May 13, 2019

اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی ٰ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہو تا تو گوادر سمیت پاکستان میں کہیں خونریزی و دہشت گردی نہ ہوتی ،ایران پر حملے کی امریکی تیاریوں پر مسلم امہ کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے مسلم ممالک بھول میں نہ رہیں اگرآج ایران کی باری ہے تو کل دوسرے ممالک بھی تیاری کرلیں ، امریکی دھمکیوں پر ایران اوآئی سی کااجلاس طلب کرے امریکہ مسلم ممالک کو تنہا تنہا کرکے مار رہا ہے او اسرائیل کو محفوظ بناتا چلا جار ہا ہے، پاکستان حکومت امریکہ سے اس قدر خوفزدہ ہے کہ ایران گیس پائپ لائن منصوبے تک سے پیچھے ہٹ چکی ہے جبکہ بھارت کو تمام امریکی پابندیوں سے استثنی حاصل ہے امریکہ کو اڈے دینے والے ممالک مسلمانوں کے نہیں شیطانوں کے خیر خواہ ہیں، مسلم حکمران سیرت ام المومنین حضرت خدیجہ الکبری ؑ پر عمل کریں جنھوں نے اپنا سب کچھ قربان کرکے اسلام کی بنیادیں مضبوط کیں ، 9تا 11رمضان عالمگیر ’’ایام الحزن‘‘ منا کر ملیکۃ العرب حضرت خدیجۃ الکبری ؑ کی لازوال قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کیاجائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ شعبہ حج و زیارات کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مزیدخبریں